• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور انتظامیہ کی اپوزیشن اتحاد کو جلسے کی اجازت دینے سے معذرت


خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو جلسہ کرنے کی اجازت دینے سے معذرت کرلی ہے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، اسی تناظر میں پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کو 22 نومبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دینے سے معذرت کرلی۔

ضلعی انتظامیہ نے مزید کہا کہ شہر میں کورونا وائرس کی صورتحال تشویشناک ہے، کیسز کی شرح 13فیصد تک پہنچ گئی ہے۔


دوسری جانب پی ڈی ایم کے میڈیا کوآرڈینیٹر عبدالجلیل خان نے جلسے کی اجازت دینے سے معذرت پر کہا کہ 22 نومبر کو پی ڈی ایم کا جلسہ ہر صورت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پشاور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پابندی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے کہا کہ حکومت نے خیبرپختونخوا اور راولپنڈی میں جلسہ کیا تو کیا وہاں کورونا وائرس نہیں تھا۔

انہوں نے واضح طور پر کہا کہ پی ڈی ایم کورونا وائرس کے حوالے طے شدہ قواعد وضوابط (ایس او پیز) کے ساتھ جلسے کرے گی۔

ملتان میں مزید 4 مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے جبکہ بہاولپور میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے پر 5 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔

دوسری طرف اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمانی کمیٹی برائے کورونا وائرس کا اجلاس 25 نومبر کو طلب کرلیا ہے۔

تازہ ترین