• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعمیرات کے شعبے میں حوصلہ افزا ترقی ہوئی، فردوس اعوان


وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس اعوان نے کہا ہے کہ تعمیرات کے شعبے میں حوصلہ افزا ترقی ہوئی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں فردوس اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کا عکاس راوی ریور منصوبہ لاہور کی قسمت بدل دے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی پالیسی سے کاروباری مواقع کو فروغ حاصل ہورہا ہے، منصوبہ اہل لاہور اور اوورسیز پاکستانیوں کے خواہشات کا عکاس ہے۔


وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے راوی کو جدید طرز پر خوبصورت بنانے کا خواب پورا کرنے کا فیصلہ کیا، وہ دو ماہ پہلے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ کر گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے پہلو میں ایک نیا لاہور آباد ہونے جا رہا ہے، جو لاہور کی پہچان اور اصل چہرہ بنے گا، یہاں 60 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔

فردوس اعوان نے یہ بھی کہا کہ دریائے راوی جو کہ کوڑے کا ڈھیر بن کر لاہور کے ماتھے پر ایک بدنما دھبہ بن گیا ہے، وزیراعلی نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اسے ایک خوبصورت علاقہ بنانے کا بیڑا اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں نیا لاہور آباد ہونے جا رہا ہے، راوی اربن ڈیولپمنٹ منصوبہ شاہکار ہو گا، یہاں خوشحالی آئے گی۔

تازہ ترین