دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھارتی وزیراعظم کے پاکستان مخالف بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کے بیانات مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے ڈوزیئر کے اجرا کے بعد بھارت نے پاکستان مخالف پروپیگنڈا میں اضافہ کر دیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان نے ڈوزیئر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ناقابل تردید شواہد پیش کیے۔ ڈوزیئر میں بھارتی دہشت گردی کی منصوبہ بندی، مالی معاونت اور عمل درآمد کے اقدامات بے نقاب کیے ہیں۔ بھارتی انکار اور الزامات کی پرانی رٹ سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ نام نہاد سرحد پار دہشت گردی کے بے ہودہ الزامات بھارتی بیانیے کو تقویت نہیں دے سکتے۔ پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے بھارت کے اندر فالس فلیگ آپریشن سب کو معلوم ہیں۔