• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان گلگت بلتستان کو صوبہ نہ بنائے،جاوید شاہ

وٹفورڈ(نمائندہ جنگ)جموں کشمیر لبریشن فرنٹ وٹفورڈ کے صدر سید جاوید احمد شاہ،سینئر نائب صدر چوہدری محمد سعید، نائب صدر چوہدری محمد رفیق، جنرل سیکرٹری اقبال خان، سیکرٹری مالیات چوہدری محمد منیر،چوہدری محمد صدیق ودیگر رہنمائوں نے جے کے ایل ایف کی میٹنگ میں وزیراعظم پاکستان عمران خان سے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو صوبہ نہ بنایا جائے بلکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پر مشتمل ایک حکومت بنائی جائے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پر مشتمل مشترکہ کابینہ بنانے کیلئے آزاد کشمیر کو اختیارات دئیے جائیں، آزاد کشمیر گورنمنٹ کو حق دیا جائے کہ وہ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے وزیراعظم اور صدر کا مشترکہ فیصلہ کرسکیں، ریاست قومی تشخص کو برقرار رکھا جائے، ان رہنمائوں نے کہا کہ یہ بہت بڑا المیہ ہے، حکومت پاکستان معاہدہ کراچی اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت گلگت بلتستان کو استصواب رائے سے قبل صوبہ نہیں بنا سکتی ۔ ان رہنمائوں نے کہا گلگت بلتستان کو صوبہ بنانےسے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا۔ان رہنمائوں نےکہا پاکستان آزاد کشمیرحکومت کی موجودگی میں گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا فیصلہ واپس لے۔ سید جاوید احمد شاہ نے کہا کل کی بات ہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے سامنے کشمیر ی عوام کے استصواب رائے کا مطالبہ کیا جبکہ پاکستان نے کشمیر ی عوام کے مطالبہ حق خودارادیت کو اقوام متحدہ میں اٹھایا ہے جب کہ دوسری طرف اقوام متحدہ میں بھارت نے پاکستان کے موقف کو وقت کا ضیاع قرار دیا ہے چوہدری محمد سعید نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے موقف کو وقت کی آواز قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بھارت کی اقوام متحدہ کے چیپٹر سیون کے تحت اس کی رکنیت معطل کی جائے ۔ان رہنمائوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا کہ کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلا جواز فائرنگ اور اس کے ریاستی دہشت گردی کو عالمی عدالت انصاف میں اٹھانے کیلئے عملی اقدامات کرے ۔ انہوں نے کہا گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے میں آزاد کشمیر کی خاموشی نیم رضامندی ہے، یہ ساری ملی بھگت ہے۔ کشمیر کے موجودہ حالات مطالبہ کرتے ہیں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر گلگت بلتستان کی واپسی تک آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات ملتوی کریں، چوہدری محمد منیر نے کہا کہ یہ حکومت پاکستان کا منفی اقدام ہے۔
تازہ ترین