• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے مثبت اشارے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نےآسٹریلیاکرکٹ ٹیم کو 24سال کے طویل عرصے بعد2022 میں دورے پاکستان کیلئے قائل کرنے کی کوشش تیز کردی ہے۔ چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے ساتھ اہم معاملات پر بات چیت جاری ہے، امید ہے کہ2022میں ہونے والی باہمی سیریز کیلئے کینگروز پاکستان آئیں گے۔ دورہ فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ ہے ۔ ملک میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورت حال کافی بہتر ہوچکی ہے ، اس لئے آسٹریلین ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر کوئی بہانہ نہیں بنایا جا سکتا۔ وسیم خان نے کہاکہ ابھی تک دونوں بورڈز میں ممکنہ سیریز کے حوالے سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا لیکن ابتدائی بات چیت میں آسٹریلین حکام کارویہ بہت مثبت نظر آیا۔ واضح رہے کہ آسٹریلین ٹیم کو2022 میں 2ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان کا دورہ کرنا ہے ۔ وسیم خان کے مطابق دونوں بورڈز کے انٹرنیشنل کرکٹ ڈیپارٹمنٹ مسلسل رابطے میں ہیں اور باہمی مقابلوں کو فروری، مارچ2022 میں ممکن بنانے کیلئے کام کیا جا رہا ہے۔ اس وقت تک کئی غیر ملکی ٹیمیں پاکستان کا رخ کر چکی ہوں گی لہٰذا کرکٹ آسٹریلیا کو بھی فیصلہ کرنے میں آسانی ہوجائے گی۔یاد رہے کہ آسٹریلین ٹیم نے مارک ٹیلر کی قیادت میں آخری مرتبہ 1998 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔ پی سی بی جو بھی کام کرر ہا ہے وہ پاکستان کے لیے ہے، کورونا سے صورت حال بہتر ہوئی تو شائقین کو بھی اسٹیڈیم آنے کا موقع ملے گا۔

تازہ ترین