اسلام آباد (جنگ رپورٹر) سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف 4نیب ریفرنسز کی سماعت اسلام آباد کی احتساب عدالت کی بجائے کراچی کی احتساب عدالتوں میں منتقل کرنے کے حوالے سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف درخواست گزار کی چیمبر اپیل کی سماعت 25نومبر کے لئے مقرر کر دی گئی ہے۔ جسٹس عمر عطابندیال اپیل کی اپنے چیمبر میں سماعت کریں گے۔ یاد رہے کہ رجسٹرار آفس نے سابق صدر کی جانب سے دائر درخواست پر اعتراض عائد کیا تھا کہ اسی نوعیت کی درخواستیں یہ عدالت پہلے ہی خارج کرچکی ہے۔