• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور ہائیکورٹ، مالم جبہ، بلین ٹری، خیبر بنک اسیکنڈلز میں نیب کا ریکارڈ طلب

پشاور(نمائندہ جنگ ) پشاورہائیکورٹ نے مالم جبہ، بلین ٹری سونامی، احتساب کمیشن اور بینک آف خیبر سکینڈلز پر پیش رفت سے متعلق نیب خیبرپختونخوا سے ریکارڈ طلب کرلیا ہے، جسٹس لعل جان خٹک اور جسٹس عتیق شاہ پر مشتمل دورکنی بنچ نے علی گوہر درانی ایڈوکیٹ کی وساطت سے دائررٹ پر سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار ڈاکٹر عادل ظریف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان پراجیکٹس میں حکومتی افسران مبینہ طور پر ملوث ہیں، اس وجہ سے پچھلے 4یا 5سال سے ان میں ہونے والی مبینہ بے قاعدگیوں پر نیب نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ نیب ایسے کیسز میں کارروائی نہ کرکے نیب آرڈیننس کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ علی گوہر درانی ایڈوکیٹ نے عدالت سے استدعاکی کہ کرپشن کیسز میں کارروائی نہ کرنے پر نیب افسران کےخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس موقع پر جسٹس عتیق شاہ نے استفسار کیا کہ نیب نے ابھی تک اس کیس میں کیا پیشرفت کی ہے؟ جس پر سینئرنیب پراسیکیوٹرعظیم داد نے کارروائی سے متعلق ریکارڈ پیش کرنے کیلئے عدالت سے مہلت مانگی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

تازہ ترین