• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی کورونا 6 ماہ رہ گیا تو بھوک سے مار دے گا، رانا ثناء اللّٰہ


رہنما مسلم لیگ ن رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ حکومتی کورونا 6 ماہ رہ گیا تو بھوک سے مار دے گا۔

پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ نے انسداد منشیات عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی کورونا آٹا کھا گیا چینی کھا گیا ہر چیز میں تباہی ہے، حکومتی کورونا میں سو فیصد موت اور تباہی کا خطرہ ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ کورونا وائرس میں خطرہ دو فیصد ہے جبکہ حکومتی کورونا میں سو فیصد خطرہ ہے، فیصلہ یہ کرنا ہے کہ کس کورونا کا رسک لینا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ حکومتی وزراء بات کرتے ہیں تو کورونا ہی لگتے ہیں ، حکومتی کورونا کے خلاف عوام باہر نکلیں، حکومت کو جلسوں کی اطلاع دے رہے ہیں اُن سے اجازت نہیں مانگ رہے۔

رانا ثناءاللّٰہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ پی ڈی ایم حکومت سے اجازت لے کر تو تحریک نہیں چلائےگی، 22 نومبر کو پشاور میں پی ڈی ایم کا جلسہ ضرور ہوگا۔

اُن کا کہنا ہے کہ 30 نومبر کو ملتان اور 13 دسمبر کو لاہور میں جلسہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اے این ایف نے گاڑی سے میرا بیگ نکالا، بیگ میں میرے کپڑے تھے۔ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ اس کیس میں مجھے یا پھر شہر یار آفریدی کو سزا ہو گی، اُمید ہے عدالت مجھے انصاف فراہم کرے گی۔ 

لاہور کی انسداد منشیات عدالت نے رانا ثناءاللّٰہ کے خلاف سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کردی اور ساتھ ہی عدالت نے فرد جرم کے لیے وکلاء کو دلائل دینے کی ہدایت بھی کردی۔ 

تازہ ترین