کراچی، اسلام آباد(جنگ نیوز، خبر ایجنسیاں)کورونا، دوسری لہر میں اب تک کی سب سے زیادہ 42 اموات، 2843 نئے کیسز،ملک میںفعال کیسز 35ہزار تک پہنچ گئے، 246مریض وینٹی لیٹرز پر، سندھ میں 17افراد چل بسے ،1199نئے کیسز، 859کراچی سے رپورٹ، پشاور میں کورونا شرح 13.39فیصد ریکارڈ ہوئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سینٹر (این سی او سی)کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 843 افراد کے کووڈ۔19ٹیسٹ مثبت آئے اور 42 افراد اس وائرس سے جاں بحق ہوئے، ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 28 ہزار 931 ہو چکی ہے۔
ملک بھر میں کووڈ۔19 کے لیے مختص 1 ہزار 798 وینٹی لیٹرز پر کووڈ۔19کے 246 مریض ہیں،ملک بھر میں کووڈ۔19کے فعال کیسز کی تعداد 34 ہزار 974 ہے، ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 71ہزار 508 ہے ، ملک بھر میں کووڈ۔19 سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 7 ہزار 603 ہے۔
ادھر سندھ میں کورونا وائرس سے مزید 17مریض جاں بحق ہوگئے اور مجموعی تعداد 2816 تک پہنچ گئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 11537 نمونے ٹیسٹ کئے گئے جس کے نتیجے میں 1199 نئے کیسز سامنے آئے،24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کورونا کے مزید 382 مریض صحتیاب ہوگئے۔