• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حلف برداری کے روز صدارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھی بائیڈن کو ملے گا

واشنگٹن (اے ایف پی)سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اگر الیکشن میں ہار تسلیم نہیں کرتے تو وہ حلف برداری کے روز صدارتی ٹوئٹر ہینڈل کا اکاؤنٹ نو منتخب صدر جو بائیڈن کو دے دیں گے۔

پوٹس (POTUS) کا اکاؤنٹ امریکی صدر کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ ہوتا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق ٹوئٹر کے ترجمان نک پیچیلو نے ایک ای میل کے ذریعے پولیٹکو کو بتایا ہے کہ ٹوئٹر وائٹ ہاؤس کے انسٹیٹیوشنل اکاؤنٹس کی منتقلی کے لیے تیاری کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عمل قومی آرکائیوز کے مشورے سے کیا جا رہا ہے، ایسا 2017 میں بھی ہوا تھا۔صدر کے علاوہ خاتون اول، اور پریس سیکریٹری کے اکاؤنٹس سمیت وائٹ ہاؤس کے مزید اکاؤنٹس کی بھی منتقلی ہوگی۔

ٹوئٹر کی جانب سے وائٹ ہاؤس اکاؤنٹس کو ریسیٹ کیا جائے گا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جنہوں نے ابھی تک تین نومبر کے انتخابات کے نتائج کو تسلیم نہیں کیا ہے۔امریکی صدر کے ذاتی اکاؤنٹ پر آٹھ کروڑ 80 لاکھ فالورز ہیں جبکہ ان کے آفیشل اکاؤنٹ پر تین کروڑ 20 لاکھ فالورز ہیں۔

پوٹس کا اکاؤنٹ بڑے پیمانے پر صدر کے ذاتی اکاؤنٹ کے ساتھ ساتھ وائٹ ہاؤس کے دیگر اکاؤنٹس کو بھی ریٹویٹ کرتا ہے۔امریکی نو منتخب صدر جو بائیڈن آئندہ ہفتے تک اپنی کابینہ کے اہم ارکان کا اعلان کر سکتے ہیں۔ 

ڈیموکریٹ جو بائیڈن نے واشنگٹن میں صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے وزارت خزانہ کی سربراہی کے لیے پہلے ہی فیصلہ کر رکھا ہے۔ 

اطلاعات کے مطابق بائیڈن وزیر خارجہ سمیت دیگر اہم عہدوں کے لیے بہت جلد نام تجویز کرنے والے ہیں۔ جو بائیڈن آئندہ برس 20 جنوری کو امریکی صدر کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔

تازہ ترین