مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر لندن میں انتقال کرگئیں، خاندانی ذرائع کے مطابق بیگم شمیم اختر کے سینے میں شدید انفیکشن ہوگیا تھا، انھیں الزائمر کی بیماری بھی لاحق تھی۔
جیل میں قید شہباز شریف کو والدہ کے انتقال کی خبر سے آگاہ کردیا گیا، کوٹ لکھپت جیل میں حمزہ شہباز کو بھی اطلاع پہنچادی گئی۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ بیگم شمیم اختر کی میت پاکستان بھجوانے میں دو سے تین دن لگ سکتے ہیں۔
سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ نواز شریف اپنی والدہ کی میت کے ساتھ پاکستان نہیں جائیں گے ، طبی مشورے کے مطابق نواز شریف کو سفر کی اجازت نہیں ہے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو تدفین کے انتظامات پر مشورے کے لیے شہباز شریف کی پیرول پر رہائی کا انتظار ہے۔
نواز شریف کی بیٹی اسماء نواز کا میت لے کر پاکستان جانے کا امکان ہے۔