• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دین کی خاطر بولی وڈ سے کنارہ کشی کرنیوالی ثناء خان نے عالم دین سے شادی کرلی

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ اداکارہ ثنا خان جنہوں نے حال ہی میں شوبز کو خیرباد کہا تھا نے مبینہ طور پر جمعے کی شب مغربی ریاست گجرات میں مفتی انس نامی ایک عالم دین سے شادی کر لی۔گوکہ ثنا خان کی جانب سے شادی کے حوالے سے کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے لیکن بھارت میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ اپنے مبینہ شوہر کے ساتھ زینے سے اتر رہی ہیں اور ایک میں نکاح مبارک کا کیک کاٹ رہی ہیں۔بھارت کے معروف عالم دین مولانا کلیم صدیقی کی ایک آڈیو واٹس ایپ پر موصول ہوئی ہے، جس میں انہوں نے اس نکاح کا ذکر کیا ہے کہ وہ پوری طرح سنت کی پیروی میں ہوا ہے۔آڈیو کے مطابق ʼنکاح میں موبائل سے ویڈیو بنانے کی اجازت نہیں تھی لیکن جب وہ زینے سے نیچے اتر رہی تھیں تو کسی لڑکی نے ان کی ویڈیو بنالی اور وہ ویڈیو وائرل ہوگئی ہے جس پر ثنا خان کافی رنجیدہ ہیں،بھارتی میڈیا میں بھی ثنا خان کی شادی سے متعلق خبریں اسی وائرل ویڈیو کے حوالے سے چلائی جا رہی ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر ثنا خان کی شادی پر مباحثہ جاری ہے۔ثنا خان نے بھارت کے معروف ریئلٹی ٹی وی شو ʼبگ باس سیزن چھ میں شرکت کی تھی جہاں وہ شو کی رنر اپ رہی تھیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے متعدد فلموں میں بھی کام کیا ہے۔ اداکار سلمان خان کے ساتھ انہوں نے فلم ʼجے ہومیں ولن ڈینی ڈینگزو پا کی بیٹی کا کردار ادا کیا تھا۔گذشتہ دنوں انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شوبز چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے لکھا تھا ʼآج یہ اعلان کرتی ہوں کہ اپنی شوبز (فلم انڈسٹری) کی زندگی چھوڑ کر انسانیت کی خدمت اور اپنے پیدا کرنے والے کے حکم پر چلنے کا پکا ارادہ کرتی ہوں۔

تازہ ترین