اسلام آباد(جنگ نیوز)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اپنی دادی شمیم اختر کے انتقال پروالد نواز شریف کو پاکستان نہ آنے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ انتقام میں اندھے لوگوں سے انسانیت کی توقع نہیں، دادی کے انتقال کی خبر 2؍ گھنٹے تاخیر سے ملی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کے سر سے ماں کا دعائوں بھرا سایہ اٹھ گیا۔ دادی کے انتقال کی خبر مجھے فون سروسز معطل ہونے کی وجہ سے دو گھنٹے تاخیر سے ملی جس کے بعد میں فوراً لاہور کی لیے روانہ ہو گئی۔ میرے والد اور گھر والے بار بار رابطے کی کوشش کرتے رہے مگر رابطہ نہ ہو سکا۔
ایک اور بیان میں انہوں نے کہا کہ کسی حکومتی شخص میں اتنی انسانیت نہیں تھی کہ مجھ تک دادی کی وفات کی اطلاع پہنچا دیتے۔
میں نے میاں صاحب کو درخواست کی ہے کہ بالکل واپس نہ آئیں۔ یہ ظالم اور انتقام میں اندھےلوگ ہیں جن سے کسی بھی قسم کی انسانیت کی توقع نہیں۔