• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیک فروٹ یعنی کٹھل کو دنیا کا سب سے بڑا پھل ہونے کا اعزاز حاصل ہے، اسے دنیا میں کسی درخت پر اگنے والا سب سے بڑا پھل قرار دیا جاتا ہے۔

جیک فروٹ کو جنوب مشرقی اور جنوبی ایشیا میں دریافت کیا جاسکتا ہے، یہ بنگلہ دیش کا قومی پھل بھی ہے اور یہ جسم کے لیے صحت مند فائبر کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔

جیک فروٹ کو پکا کر یا کچا، دونوں صورتوں میں کھایا جاتا ہے۔


سب سے بڑے پھل جیک فروٹ کا ذائقہ بہت زیادہ اچھا نہیں جو میٹھا تو ہے مگر اس پھل کی ساخت ایسی ہے کہ جب اسے پکایا جائے تو یہ گوشت جیسا محسوس ہوتا ہے اور یہ چند گوشت کے پکوانوں کا بہترین متبادل بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ زمین میں یا جڑ میں لگنے والےجیک فروٹ کی مٹھاس بے مثال اور ذائقہ و خوشبو لاجواب ہوتا ہے۔

 

کٹھل یعنی جیک فروٹ کے درخت کی دو اقسام ہیں ایک قسم کے درخت میں شاخوں پہ پھل آتا ہے جبکہ دوسری قسم کے درخت میں جڑوں میں پھل آتا ہے۔

شاخوں پہ لگنے والے پھل کی رنگت ابتدا میں گہرے سبز رنگ کی ہوتی ہے اور پکنے کے بعد ان کی رنگت ہلکی بادامی ہو جاتی ہے اور تیز چبھتی ہوئی خوشبو آنے لگتی ہے جبکہ جڑ میں آنے والے پھل پہلے زیر زمین ہی پکتے رہتے ہیں۔

جیک فروٹ انمول غذائی خصوصیات سے بھی بھرپور ایک بہترین پھل ہے۔ وٹامن اے اور سی، کیلشیم ، پوٹا شیم، آئرن، تھایامین، رائبو فلاوپن، نیا سن‘میگنیشیم اور دیگر بہت سے صحت بخش غذائی اجزاء کی کثیر مقدار جیک فروٹ میں موجود ہوتی ہے۔

جیک فروٹ کے فوائد:

  • قوت مدافعت کو طاقتور بنائے

جیک فروٹ وٹامن سی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔ یہ وٹامن وائرل اور بیکٹیریل انفیکشن سے محفوظ رکھنے کے لئے قوت مدافعت کو طاقتور بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

  • کینسر سے بچاؤ

وٹامن سی جیسے صحت بخش غذائی جز سے بھرپور ہونے کے ساتھ جیک فروٹ میں لگنانز، آئیسو فلیونز، اور ساپوننز نامی فائیٹونیوٹرینٹس بھی کثیر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو کہ اینٹی کینسر اور اینٹی ایجنگ  خصوصیات کے حامل غذائی اجزاء کی حیثیت سے خاص شہرت رکھتے ہیں ۔

یہ اجزاء سرطانی خلیات کو پیدا کرنے والے وان کی افزائش کو مہمیز بخشنے والے فری ریڈیکلز کا صفایا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

  • نظام انہظام کو بہتر بنائے:

جیک فروٹ کی اینٹی السرخصوصیات سے بھرپور پھل بھی مانا جاتا ہے۔ نظام انہظام کی خرابیوں و السر کی تکالیف کے خاتمے کیلئے یہ ایک بہترین پھل ہے۔

جیک فروٹ کا ریشے دار ساخت کا حامل گودا قبض کے امکانات صفر کرکے نظام اخراج کو معمول کے مطابق رکھتا ہے۔

جلد اور آنکھوں کی صحت

ایک طاقتور غذائی جز یعنی وٹامن اے کی خوبیوں سے بھی بھرپور ہونے کے باعث جیک فروٹ کا استعمال جلد اور آنکھوں کی صحت کے حوالے سے بہترین ہے۔

وٹامن اے جلد کی لچک و تروتازگی برقرار رکھنے اور بصری کمزوری درست کرنے کے علاوہ شب کوری دور کرنے کے حوالے سے ایک بہترین وٹامن کی حیثیت کا حامل ہے۔

  • توانائی میں اضافے کے لیے:

شکر کے سادے سالموں مثلاً فریکٹوز اور سکروز کی موجودگی کی وجہ سے جیک فروٹ کو توانائی میں اضافہ کرنے والے ایک زبردست پھل کی حیثیت سے بھی خاص شہرت حاصل ہے۔

  • بلند فشار خون کو کم کرے:

بلند فشار خون یا ہائی بلڈ پریشر کے مریض اگر جیک فروٹ استعمال کریں تو ان کا دوران خون معمول پہ آجاتا ہے۔

کیونکہ جیک فروٹ میں پوٹاشیم نامی ایک صحت بخش منرل یا معدن پایا جاتا ہے‘جو کہ دوران خون کو صحت بخش توازن میں قائم رکھتا ہے اور دل کی بیماری کے خطرات کے امکان بھی صفر ہو جاتے ہیں۔

  • ہڈیوں کی مضبوطی

میگنیشیم وہ صحت بخش جز ہے جس کی جسم میں موجودگی غذا میں سے کیلشیم جذب کرنے کی جسمانی قوت میں اضافے کا سبب بنتی ہے اور کیلشیم کے ساتھ مل کر یہ جز ہڈیوں کی مضبوطی اور ان کی نشوونما میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

جیک فروٹ میں میگنیشیم بھی صحت بخش توازن میں پایا جاتا ہے لہٰذا اس کا استعمال ہڈیوں کی صحت کے حوالے سے بھی اہم ہے۔

  • اینیمیا سے بچاؤ

آئرن جیسے صحت بخش غذائی جز سے بھرپور ہونے کی وجہ سے بھی جیک فروٹ کا استعمال مفید ہے کیونکہ یہ خون بنانے والے سرخ خلیات کی افزائش کے ساتھ ساتھ دوران خون کو بھی متوازن رکھتا ہے۔

تازہ ترین