قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لنکا پریمیئر لیگ کی فرنچائز گال گلیڈی ایٹرز کے کپتان شاہد آفریدی نے سری لنکا کی فلائٹ مِس کردی۔
فلائٹ مس ہونے کے باعث شاہد آفریدی لنکا پریمیئر لیگ کے 2 میچز میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
فلائٹ مِس ہوجانے کی خبر شاہد آفریدی نے اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں دی، شاہد آفریدی نے بتایا کہ میں نے سری لنکا کی فلائٹ مس کردی ہے، لیکن پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے میں لنکا پریمئر لیگ میں جلد ہی اپنی ٹیم کی قیادت کروں گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا ک جلد سری لنکا پہنچ کر اپنی ٹیم کو جوائن کرلوں گا۔
شاہد آفریدی کو سری لنکا پہنچنے کے بعد 3 دن قرنطینہ میں گزارنا ہوں گے۔
خیال رہے کہ لنکا پریمیئر لیگ میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو فرنچائز گال گلیڈی ایٹرز کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔
گال گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شاہد آفریدی کو ٹیم کی قیادت سونپی گئی جبکہ سری لنکن بلے باز بھانوکا راجہ پاکسے ان کے نائب کپتان ہوں گے۔
سری لنکا پریمئر لیگ کا آغاز 27 نومبر سے ہوگا، گال گلیڈی ایٹرز کا پہلا میچ جافنا سٹالینز سے ہوگا۔
ایونٹ میں 5 ٹیمیں کولمبو کنگز، دمبولا ہاکس، گال گلیڈی ایٹرز، جافنا اسٹالینز اور کینڈی ٹسکرز شامل ہیں۔