پشاور (وقائع نگار)پشاور کے گنجان آباد علاقہ حلقہ یو سی 10اور محلقہ علاقوں گڑھی عنایت آباد ٗشاہین مسلم ٹائون ٗرشید ٹائون میں گذشتہ دو ماہ سے گیس غائب ہونے سے عوام شدید مشکلات سے دوچار ہوگئے ۔ محکمہ سوئی گیس کی سرد مہری کے باعث یو سی 10کے مکین ذہنی پریشانی اور بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں کیونکہ سردی میں شدت کے باعث گیس کی بندش سے جہاں گھروں کے چولھے ٹھنڈے پڑے ہیں وہیں سرد موسم میں مساجد میں ٹھنڈے پانی کے استعمال سے بیماریوں میں اضافہ بھی ہو رہا ہے ۔ منتخب نمائندوں اور ایم پی ایز اور ذمہ داران تک بھی سوئی گیس کی بندش کی شکایات کی گئیں لیکن محکمہ سوئی گیس نے انہیں بھی خاطر میں نہ لاتے ہوئے کوئی مثبت جواب اور مسئلے کے تدارک کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا گیا ۔ اہلیان علاقہ کے مطابق کہ ڈیڑھ ماہ قبل گیس پریشر کی کمی کی وجہ سے بھی ہمیں انتہائی پریشانی کا سامنا تھا جس کی شکایات پر نئے پائپوں کی تنصیب کی گئی جس کے باعث گلی کوچے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکے ہیں اور متعلقہ ٹھیکیدار نے علاقے کو کھنڈر میں تبدیل کرکے علاقہ مکینوں کو اللہ کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جس پر علاقہ کے عوام شدید مشکلات سے دو چار ہیں اور ظلم بالائے ظلم کہ دو ماہ سے تو گیس بالکل ہی غائب ہو چکی ہے ۔ اہلیان علاقہ کے مطابق کہ گیس کی بندش اور سردی میں شدت کے باعث گھروں میں بیمار اور معمر افراد کو گرم پانی میسر نہیں جبکہ کام کاج پر جانے والے افراد اور سکول جانے والے بچے روزانہ بغیر ناشتہ جانے پر مجبور ہوتے ہیں ۔ مہنگائی کی وجہ سے ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے بھی عوام کو گیس سے محروم کر رکھا ہے ۔ اہلیان علاقہ کا کہنا ہے کہ ایل پی جی ہمیں مہنگے داموں مل رہی ہے انہوں نے حکومتی ذمہ داروں اور خصوصاً محکمہ سوئی گیس کے اعلیٰ اور ذمہ دار حکام کو متنبہہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر فوری طور پر یوسی 10کے علاقوں میں گیس کی بحالی نہ ہوئی تو علاقے کے عوام بچوں خواتین بزرگوں سمیت شدید ترین احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔