• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج نائجر جا رہا ہوں، OIC اجلاس میں شرکت کروں گا: شاہ محمود


وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ آج نائجر جا رہا ہوں جہاں او آئی سی کونسل آف فارن منسٹرز کے اجلاس میں شرکت کروں گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 3 روز کی کانفرنس میں او آئی سی ممالک کے وزرائے خارجہ کی اہم نشست ہو گی، کانفرنس میں امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور اہم معاملات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

وزیرِخارجہ نے کہا کہ کانفرنس میں مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر دیگر وزرائے خارجہ سے تبادلۂ خیال کا موقع ملے گا، کچھ قرار دادیں اس اجلاس میں پیش کرنے کا ارادہ ہے، اہم منصبوں پر دو طرفہ ملاقاتوں اور پاکستان کا مؤقف پیش کرنے کا موقع بھی ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور مشرقِ وسطیٰ میں ہونے والی تبدیلیوں پر گفتگو اور پاکستان کا مؤقف پیش کرنے کا موقع ملے گا، اسلامو فوبیا سے متعلق پاکستان سمیت پوری دنیا کے مسلمان تذبذب کا شکار ہیں، پاکستان کا اسلاموفوبیا سے متعلق بہت واضح اور ٹھوس مؤقف رہا ہے۔


وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ او آئی سی کے اجلاس میں وزیرِ اعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کا نکتۂ نظر پیش کرنے کا موقع ملے گا، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بڑھتی جا رہی ہیں، دہشت گردی کی بھارتی پشت پناہی کے ٹھوس شواہد بھی پیش کر چکے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت پر آواز اٹھانے کیلئے یہ ایک مناسب فورم ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق او آئی سی کی بہت سی قرار دادیں موجود ہیں، اجلاس کو کشمیر کی تازہ صورتِ حال سے آگاہ کرنا میرے فرائض میں شامل ہے۔

تازہ ترین