• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: CTD تھانے پر حملہ، ہلاک ملزم کی شناخت نہ ہو سکی

لاہور میں گزشتہ روز انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) تھانے پر ہونے والے حملے کے معاملے میں حملہ کرنے والے ملزم کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

لاہور پولیس کے مطابق حملہ آور کی عمر 20 سے 22 سال کے درمیان ہے جو پولیس کی جانب سے حملہ ناکام بناتے ہوئے مارا گیا تھا۔

لاہور پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے واقعے میں ملوث دیگر دہشت گردوں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

لاہور پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی تھانے پر حملے کے بعد حساس مقامات کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے برکی روڈ پرواقع انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) تھانے پر دہشت گرد کا حملہ ناکام بنا دیا گیا تھا۔

سی ٹی ڈی کے ذرائع کے مطابق ایک دہشت گرد نے تھانے میں گھسنے کی کوشش کی اور فائرنگ بھی کی، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گیا تھا۔


سی ٹی دی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے مذکورہ دہشت گرد کے قبضے سے 2 ہینڈ گرنیڈ، 1 خودکش جیکٹ اور پسٹل برآمد ہوا ہے، دہشت گرد کی لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے سی ٹی ڈی تھانے پر دہشت گرد حملے کا مقدمہ دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا تھا۔

تازہ ترین