راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی میں ڈینگی کا پہلا کنفرم کیس سامنے آگیا ہے۔جس نے ضلعی حکومت اور محکمہ صحت کی تیاریوں اور دعوئوں کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔محکمہ صحت ذرائع کے مطابق ڈینگی کنفرم مریض آفتاب رفیق کا تعلق یونین کونسل14سے ہے۔جبکہ اس کے کام کی جگہ رحیم آباد کینٹ ہے۔جس کے سامنے آنے کے ساتھ ہی خطرے کی گھنٹی بج چکی ہے۔کیونکہ 2010ء سے لے کر اب تک کبھی اتنی جلدی کنفرم کیس راولپنڈی میں سامنے نہیں آیا۔کنفرم کیسز آنے کا سلسلہ اگست میں شروع ہوتا تھا۔لیکن محکمہ صحت سمیت ضلع حکومت کے دوسرے اداروں کیطرف سے زبانی جمع خرچ اور کاغذی کارروائیوں کے باعث اب کنفرم کیسز اپریل میں ہی شروع ہوگئے ہیں۔اب تک راول ٹائون کےعلاوہ جہلم اور گوجرخان سے بھی کنفرم کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ذرائع کے مطابق انٹی ڈینگی مہم میں تربیت یافتہ عملہ ڈیلی ویجزوالوں کا تھا لیکن محکمہ صحت نے ایک دم سفارشی بھرتیوں کیلئے تین سے چار سو ملازمین کو بغیر تنخواہ دئیے فارغ کردیا جس کے باعث انٹی ڈینگی سرویلنس کا کام متاثرہوا اور کیسز سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق راول ٹائون،پوٹھوہار ٹائون اور کینٹ کے علاقوں سے لاروا مل رہا ہے۔لیکن سیاسی سفارشوں پر بھرتی نئے ملازمین کو تربیت یافتہ ہونے میں وقت لگے گا۔جس کا خمیازہ اہل راولپنڈی کو بھگتنا ہوگا۔اور گزشتہ برسوں کی طرح اس مرتبہ بھی اجلاس اور پلاننگ کی ہوتی رہے گی۔