• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کیلئے 9؍ امیدوار منتخب

کراچی (سید محمد عسکری) وائس چانسلرز کے تقرر کے لئے قائم تلاش کمیٹی نے ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدوں کیلئے23؍ امیدواروں میں سے 9؍ امیدواروں پر اتفاق کرتے ہوئے انہیں وائس چانسلر کی دوڑ میں شامل کرلیا ہے جبکہ 14؍ امیدواروں کو غیر موزوں قرار دیدیا گیا ہے۔ تلاش کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالقدیر راجپوت کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں تعلیمی امور کا تجربہ رکھنے والے سینئر بیوروکریٹ اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری بورڈز و جامعات علم الدین بلو نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں جن 9؍ امیدواروں کے انٹرویوز لیے اہل قرار دیا گیا ان میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر فتح محمد مری، ڈاکٹر غلام سرور مرکھنڈ، ڈاکٹر ضغیر احمد شیخ، ڈاکٹر منظور حسین سومرو، ڈاکٹر عنایت اللہ راجپر، ڈاکٹر رزاق مہر، ڈاکٹر قمر الدین چاچڑ، ڈاکٹر محمد صفر میر جت اور ڈاکٹر جان محمد ابراہیم کیریو شامل ہیں۔ تلاش کمیٹی کے ذرائع کے مطابق علم الدین بلو نے تلاش کمیٹی کو ہدایت کی کہ تمام جامعات کے وائس چانسلرز کی خالی اسامیوں پر بروقت تقرری کو یقینی بنایا جائے۔ یاد رہے کہ علم الدین بلو کی آمد سے قبل دو سال کے دوران محکمہ بورڈز و جامعات کی کارکردگی انتہائی غیر تسلی بخش رہی، پہلے ڈاؤ میڈیکل سمیت کئی جامعات میں ریٹائرڈ پروفیسرز پرو وائس چانسلرز مقرر کیے گئے پھر ان کو ہٹایا گیا تو معاملہ عدالت چلا گیا۔ پاس امیدواروں کے بجائے فیل امیدواروں کو ناظم امتحانات، سیکرٹریز اور ڈائریکٹرز فنانس مقرر کیا گیا جس پر اہل امیدوار عدالت چلے گئے ہیں اسی طرح تاریخ میں پہلی مرتبہ چیئرمین بورڈز کی کم سے کم عمر کی حد 50سال کردی گئی اور لاڑکانہ بورڈ کے حاضرسروس چیئرمین جن کی تقرری چار سال قبل تلاش کمیٹی نے کی تھی کم عمر ہونے کی وجہ سے نااہل قرار پائے اور یہ معاملہ بھی عدالت میں زیر سماعت ہے۔

تازہ ترین