• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں آج سے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند


کورونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آنے کے ساتھ ملک بھر میں آج سے اسکول، کالج، مدارس، یونی ورسٹیاں اور کوچنگ سینٹرز بند کر دیئے گئے ہیں۔

کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بھی آج سے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 10 جنوری تک بند کر دیئے گئے ہیں۔

24دسمبر تک تعلیمی اداروں میں آن لائن کلاسز ہوں گی، اس کے بعد 10 جنوری تک سردیوں کی چھٹیاں ہوں گی۔

بلوچستان کے تعلیمی ادارے 28 فروری تک بند رہیں گے تاہم صوبے میں پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے حکومتی اعلان مسترد کرتے ہوئے نجی تعلیمی اداروں میں درس و تدریس جاری رکھنے کااعلان کیا ہے۔

چھوٹے بچوں کی اکثریت خوش ہے تاہم بورڈ کے امتحانات دینے والے طلبہ خوش کم اور پریشان زیادہ ہیں۔

ننھے طلبہ اسکولوں اور مدارس کی بندش سے کافی خوش ہیں، کہتے ہیں کہ گھر پر رہیں گے، فیملی کےساتھ خوب انجوائے کریں گے لیکن بڑے بچے تھوڑے خوش اور زیادہ پریشان ہیں، کہتے ہیں کہ آن لائن کلاسز ریگولر کلاسز کا متبادل نہیں۔

اساتذہ کا کہنا ہے کہ چھٹیوں میں ہوم لرننگ اسکول اور نصاب سے جڑے رہنے کا بہترین آپشن ہے تاہم سبھی بچے آن لائن کلاسز میں پوری توجہ نہیں دیتے، والدین کا تعاون ضروری ہے۔


کورونا وائرس کی دوسری لہر آنے کے بعد والدین کی بڑی تعداد بچوں کو اسکول بھیجنے سے گریزاں تھی لیکن اب تعلیمی ادارے بند ہونے کے اعلان پر انہیں یہ فکر بھی دامن گیر ہے کہ حصولِ تعلیم پر منفی اثرات ہوں گے۔

ادھر شہرِ قائد میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ تیزی سے جاری ہے، شہریوں کی جانب سے ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔

کراچی کے بیشتر شہری بغیر ماسک کے گھوم رہے ہیں ، شہری سماجی فاصلے کا بھی خیال نہیں رکھ رہے۔

تازہ ترین