• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت بلتستان کے لیے وزیر اعلیٰ کے نام شارٹ لسٹ کر لیے گئے


گلگت بلتستان کے لیے وزیر اعلیٰ کے دو نام شارٹ لسٹ کرلیے گئے۔

گلگت بلتستان کا وزیراعلیٰ کون ہوگا، اس حوا لے سے وزیراعظم عمران خان کی مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے لیے بیرسٹر خالد خورشید اور فتح اللّٰہ خان کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آج وزیراعلی گلگت بلتستان کی نامزدگی کی حتمی منظوری دیں گے۔

گذشتہ روز گلگت بلتستان اسمبلی کے پہلے اجلاس میں 33 نو منتخب ارکان نے اپنی رکنیت کا حلف اٹھایا۔

تقریب میں جنرل نشستوں پر منتخب 24 ارکان اور مخصوص نشستوں پر کامیاب 6 خواتین ارکان سمیت 3 ٹیکنوکریٹس نے حلف اٹھایا،اسپیکر فدا محمد ناشاد نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔

پارٹی پوزیشن کے مطابق 21 ممبران کا تعلق پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) سے ہے جب کہ اسمبلی میں 1 خاتون اور 1 ٹیکنوکریٹ سمیت 4 ارکان کے ساتھ پیپلزپارٹی دوسری بڑی جماعت ہے۔

پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت مجلس وحدت المسلمین کی 1جنرل نشست ہے جب کہ پی ٹی آئی سے معاہدے کے تحت ملنے والی خواتین کی 1 مخصوص نشست اور 1 ٹیکنوکریٹ سمیت اس کی نشستوں کی تعداد 3 ہے۔

15 نومبر کے انتخابات کے نتیجے میں وجود میں آنے والی گلگت بلتستان اسمبلی کا پہلا اجلاس بدھ کو ہوا، جس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے نو منتخب ارکان اسمبلی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف بطور احتجاج بازوؤں پر کالی پٹی باندھ کر حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوئے۔

تازہ ترین