وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ویزا پابندی صرف پاکستان کے لیے نہیں دیگر ممالک بھی شامل ہیں۔ یواے ای نے کہا کہ پروٹوکول بنائے جارہے ہیں جلد ویزا اجرا شروع کردیا جائے گا۔
جیونیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یو اے ای نے وضاحت کی کہ جو ویزے جاری ہوچکے وہ منسوخ نہیں کررہے۔ یو اے ای نے بتایا کہ ویزوں پر پابندی زیادہ دیر نہیں رہے گی جلد اٹھالی جائے گی۔ یو اے ای نے ہم سے سیکیورٹی سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل سے متعلق ہم پر کوئی دباؤ نہیں، آج بھی وہی تاریخی موقف ہے۔ سعودی عرب سے معاملات بالکل ٹھیک ہیں۔ آج ہی پیش رفت ہوئی، سعودی عرب نے نئی، ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن لانچ کی ہے۔ اس آرگنائزیشن میں پانچ چھ ممالک کو دعوت دی گئی جس میں پاکستان بھی شامل ہے۔
انھوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ آج نئی ڈیجٹیل اکنامی کی طرف پیش رفت کی ہے۔ او آئی سی اجلاس کے ایجنڈے میں کشمیر شامل نہ ہونے کی خبر غلط ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت قیاس آرائیاں کررہا ہے۔ بھارتی میڈیا حقائق کے برعکس معاملہ اچھال رہا ہے۔ بھارتی قیاس آرائیوں پر او آئی سی سیکریٹری جنرل سے میری آج بات ہوئی۔ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے واضح طور پر کہا کہ بھارتی قیاس آرائیوں میں کوئی حقیقت نہیں۔ او آئی سی کا موقف جو کشمیر پر پہلے تھا اب بھی وہی ہے۔ بھارت کو ناکامی ہوگی۔
انھوں نے کہا کہ ہماری درخواست پر او آئی سی نے خصوصی وفد کمشیر بھیجا۔ ہم نے اجازت دی۔ بھارت نے اجازت نہیں دی۔ خصوصی وفد نے کشمیر سے متعلق اپنی رپورٹ مرتب کرلی ہے کل کے اجلاس میں یہ رپورٹ پیش ہوگی۔ او آئی سی سے توقع ہے کہ مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک موقف آئے گا۔