• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کیلئے 100منصوبے تیار، ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت 1117 ارب کے منصوبے 3مرحلوں میں مکمل ہوں گے، تکنیکی کمیٹی بنانے کی ہدایت

کراچی کیلئے 100منصوبے تیار


اسلام آباد (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل کامستقل بنیادوں پر حل انتہائی ضروری ہے، تجاوزات ہٹانے سے پہلے متبادل انتظامات کئے جائیں ، کے فور کی استعداد بڑھانے کیلئے سفارشات مرتب کرنے کیلئے تکنیکی کمیٹی بنائی جائے ۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں وفاقی وزراء سمیت چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شرکت کی ۔ 

اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی کیلئے 100؍ منصوبے تیار کرلئے گئے ہیں اور ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت 1117؍ ارب کے منصوبے 3مراحل میں مکمل ہوں گے ۔ 

علاوہ ازیں قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن و ڈویلپمنٹ کے ہفتہ وار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بجلی موجود ہے نئے کنکشنزمیں تاخیر کاجواز نہیں،گھر کیلئے قرض لینے والوں پر اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے، یوٹیلیٹی سروسز کی منظوری آسان ہونی چاہئے۔ 

سیکرٹری وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے اجلاس کو کراچی میں بننے والے رہائشی منصوبے پاکستان کوارٹرز کے حوالے سے بتایا جس کے تحت 6000؍ اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے۔ 

تفصیلات کےمطابق وزیر اعظم نے گزشتہ روز کراچی ٹرانسفرمیشن پلان کے حوالے سے منعقد اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی جس میں وفاقی وزراء شیخ رشید احمد،اسد عمر ، فیصل واوڈا ،مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدلحفیظ شیخ ، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شرکت کی۔ 

اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی ٹرانسفرمیشن پلان کے تحت 100سے زائد منصوبوں کی منصوبہ بندی کی جا چکی ہیں جو 1117؍ ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونگے۔ ان منصوبوں کو تکمیلی مراحل کے اعتبار سے تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 

اجلاس کو ان منصوبوں پر اب تک ہونے والے پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نے منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مسائل کی مستقل بنیادوں پر حل انتہائی ضروری ہے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ ہر سال مون سون کے دوران کراچی میں برساتی پانی سے ہونے والے نقصانات کا سبب نالوں پر غیر قانونی تعمیرات ہیں، کراچی کے مسائل کی مستقل بنیادوں پر حل انتہائی ضروری ہے۔ 

وزیر اعظم نے واضح ہدایت دی کہ کراچی میں تجاوزات ہٹانے سے پہلے وہاں کے مستحق مکینوں کیلئے پیشگی متبادل انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے کراچی کو پانی فراہم کرنے کے کے فور منصوبے کی استعداد اور افادیت بڑھانے کے حوالے سے سفارشات مرتب کرنے کیلئے وزارتِ منصوبہ بندی کے تحت تکنیکی کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ 

علاوہ ازیں قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن و ڈویلپمنٹ کے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے واضح ہدایت کی کہ اس وقت ملک میں بجلی کی کوئی کمی نہیں ہے اس لئے نئے کنکشنز دینے میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں۔ 

حکومت کا مقصد لوگوں کیلئے آسانیاں اور سہولتیں مہیا کرنا ہے، بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کے لئے ملکی کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لینے کی راہ میں حائل رکاوٹیں ترجیحی بنیادوں پر دور کی جائیں۔ 

اجلاس میں مشیر وزیراعظم عشرت حسین، گورنر سندھ عمران اسماعیل، معاونین خصوصی ڈاکٹر شہبازگل اور سید ذوالفقار بخاری کے علاوہ متعلقہ وزارتوں کے اعلی سرکاری عہدیداران نے شرکت کی۔ چاروں صوبوں سے چیف سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

تازہ ترین