• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثناء خان کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی بالی ووڈ کی سابق اداکارہ ثناء خان نے اپنی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کردیں۔ جو خوب پسند کی جارہی ہیں۔

بھارتی شوبز انڈسٹری چھوڑ کر دین کا رستہ اختیار کرنے والی سابق بھارتی اداکارہ ثناء خان نے بھارتی گجرات کے رہائشی انس سید سے  20 نومبر کو شادی کی تھی۔ محدود اور سادہ طریقے سے منعقدہ شادی کی یہ تقریب گجرات کے صدر مقام سورت میں ہوئی۔

اس تقریب کی ایک جھلک ثنا خان نے اپنے سوشل میڈیا فالورز کے ساتھ شیئر کی ہے، جس میں وہ سفید رنگ کے لباس زیب تن کیے نظر آرہی ہیں۔ اس خوبصورت تصویر میں ان کے ساتھ انس سید بھی موجود ہیں۔ 

ثنا خان نے اپنی تصویر کے نیچے اپنے شوہر کو مخاطب کرتے ہوئے تحریر کیا ہے کہ میں نے آپ سے شادی سے قبل کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ حلال محبت اس قدر خوبصورت بھی ہوسکتی ہے۔ ہر حلال کام میں برکت ہوتی ہے۔ 


اس سے قبل ثنا خان نے اپنی مہندی کی تقریب کی تصاویر پوسٹ کیں۔ انہوں نے اپنی شادی کی دیگر تقاریب کی تصویریں بھی شیئر کی تھیں، جس میں وہ نہایت ہی شاندار سرخ لہنگے میں ملبوس نظر آرہی تھیں۔ 

واضح رہے کہ اکتوبر میں ثنا خان نے انسٹا گرام پر انکشاف کیا تھا کہ انھوں نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اپنے نہایت ہی طویل انسٹا پوسٹ پر انھوں نے اپنی اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ انسانیت کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔


انھوں نے مزید لکھا تھا کہ میں آج یہ اعلان کررہی ہوں کہ آج کے بعد سے میں نے ہمیشہ کے لیے شوبز سے وابستگی ترک کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب میں انسانیت کی خدمت کرونگی اور اپنے خالق (اللّٰہ تعالیٰ) کے احکامات کی پابندی کروں گی۔

تازہ ترین