اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے عہدہ کیلئے ایڈووکیٹ خالد خورشید کےنام کی منظوری دیدی ہے، وزرا کے نام بھی فائنل کردیئے گئے،جن میں سہیل عباس، شمس لون، جاوید مناوا، وزیر کلیم، راجہ ناصر عباس، راجہ زکریا خان، حاجی شاہ بیگ اور راجہ عظیم شامل ہیں۔
وزیر اعلی کی منظوری وزیر اعظم کی زیرصدارت ایک اجلاس میں دی گئی جس میں پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی نے انہیں بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے لئے بیرسٹر خالد خورشید اور فتح اللہ خان کے درمیان مقابلہ تھا۔
خالد خورشید ضلع استور سے رکن گلگت بلتستان اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ بیرسٹر خالد خورشید تحریک انصاف کی جانب سے وزیراعلی کے امیدوار ہوں گے۔ خالد خورشید نے تحریک انصاف میں 2018 میں شمولیت اختیار کی۔
خالد خورشید کی نامزدگی کیلئے وزیراعظم نے مرکزی اور گلگت بلتستان قیادت سے مشاورت کی۔ متوقع وزراء میں سہیل عباس کو بورڈ آف ریونیو، شمس لون کو وزارتِ خوراک کا قلمدان دیے جانے کا امکان ہے۔
جاوید مناوا کو خزانہ، وزیر کلیم کو ورکس کا قلمدان دیئے جانے کا امکان ہے۔ راجہ ناصر عباس کو اسپورٹس، کلچر اور سیاحت کا قلمدان دیئے جانے کا امکان ہے۔
راجہ محمد زکریا خان کو زراعت، حاجی شاہ بیگ کو جنگلات اور جنگلی حیات کا قلمدان دیئے جانے کا امکان ہے۔ راجہ اعظم کو تعلیم کی وزارت مل سکتی ہے۔