اسلام آباد، کراچی (نیوز ایجنسیاں، اسٹا ف رپورٹر) ملک میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کی مجموعی شرح 7.20 فیصد تک پہنچ چکی ہے جبکہ پشاور میں یہ شرح سب سے زیاہ یعنی 19.65 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کراچی کا دوسرا اور حیدرآباد تیسرے نمبر پررہا۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 45 ہزار سے تجاوز کر گئی،گزشتہ روز پاکستان میں مزید54 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 3113 نئے کیسز سامنے آئے۔ سندھ میں وائرس سے مزید 12؍ مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ 2879؍ نئے کیسز رپورٹ ہوئے، سندھ میں 18194 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 685؍ مریضوں کی حالت تشویشناک ہے،50 وینٹی لیٹرز پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا جائزہ لینے اور اس حوالے سے اقدامات اٹھانے کیلئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں صوبائی چیف سیکریٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کووِڈ ٹیسٹ مثبت آنے کی سب سے بلند شرح پشاور میں ہے اس کے بعد کراچی میں 17.73 فیصد، حیدرآباد میں 16.32 فیصد ہے۔اس کے علاوہ سندھ میں مجموعی طور پر یہ شرح 13.25 فیصد آزاد کشمیر میں 10.79 فیصد، خیبر پختونخوا میں 9.25 فیصد، بلوچستان میں 6.41فیصد، اسلام آباد میں 5.84 فیصد، گلگت بلتستان میں 4.81فیصد جبکہ پنجاب میں سب سے کم یعنی 3.59 فیصد ہے۔فورم کو آگاہ کیا گیا کہ صحت کے رہنما خطوط / ہیلتھ پروٹوکول اور عمل درآمد کے اقدامات کی تعمیل پر وفاقی اکائیوں کے ذریعہ علماء،میرج ہال ایسوسی ایشن کے ساتھ میٹنگز کی گئی ہیں۔