• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ زید ہسپتال کے ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت کا نوٹس لیا جائے‘حاجی اختر

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف ڈسپلن کمیٹی کے رکن حاجی اختر محمد مندوخیل نے شیخ زید اسپتال کوئٹہ کے عملے کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے انکی اہلیہ کی موت واقع ہونے کی فوری تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غفلت کے مرتکب عملے کے خلاف کارروائی عمل میں لاکر انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو پی ٹی آئی کے رہنمائوں نوابزاد ہ شریف جوگیزئی، عبدالباری بڑیچ، آصف ترین، سید ظہورآغا، ادریس تاج، ملک فیصل دہوار اور سید حمید آغا کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اہلیہ کو پتے میں تکلیف کی وجہ سے علاج کیلئے شیخ زید اسپتال میں داخل کرایا گیا، ڈاکٹرز کے معائنے کے بعد مختلف ٹیسٹ کرائے گئے رپورٹس چیک کرنے کے بعد متعلقہ ڈاکٹروں نے 27 اکتوبر کو آپریشن کرانے کا کہا اور مجھے بتایا کہ مریضہ کا لیزر کے ذریعے پتے کا آپریشن ہوگا ایک گھنٹہ آپریشن تھیٹر میں آپریشن جاری رکھنے کے دوران عملے نے ایک انجکشن کی پرچی دی اور کہاکہ مذکورہ انجکشن جناح روڈ سے لائیں میرے بیٹے فوری طور پر جناح روڈ سے انجکشن لائے اور عملے کے حوالے کیا اس دوران ہمیں بتایا گیا کہ مریضہ کا کامیاب آپریشن ہوا ہے ہوش میں آنے کے بعد کمرے میں بھیج دیا جائے گا تاہم پانچ گھنٹے بعد ہمیں آپریشن تھیٹر بلایا گیا کہ شیخ زید اسپتال میں مریضہ کو رکھنے کا بندوبست نہیں لہٰذا انہیں سیٹلائٹ ٹائون کے اسپتال منتقل کرتے ہیں میں نے ڈاکٹرز سے کہا کہ میری اہلیہ کا ابھی آپریشن ہوا ہے اور وہ انسیتھیزیا میں ہیں کیسے دوسرے اسپتال منتقل کیا جاسکتا ہے لیکن ڈاکٹر وہاں منتقل کرنے پر بضدرہے باامر مجبوری ہم مریضہ کو ایمبولینس میں لیکر سیٹلائٹ ٹائون کے اسپتال کیلئے روانہ ہوئے تو راستے میں مریضہ کی حالت ٹھیک نہیں تھی جب ہم اسپتال کے آئی سی یو پہنچے تو ہمیں بتایا گیاکہ مریضہ انتقال کرچکی ہیں۔انہوں نے حکومت اور حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ اس کی تحقیقات کرائی جائے کہ مریضہ کی موت کیسے ہوئی اور ہمیں انصاف دلایا جائے۔
تازہ ترین