• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائنسدان کے قتل پر ایران کا تحمل کا مظاہرہ، جلد بازی نہ کرنے کا عزم، دنیا بھر میں اسرائیلی سفارتخانے ہائی الرٹ

سائنسدان کے قتل پر ایران کا تحمل کا مظاہرہ


تہران /تل ابیب (اے ایف پی /جنگ نیوز)ایران نے جوہری سائنسدان محسن فخری زادے کے قتل پر تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جلد بازی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ایرانی صدر روحانی کا اس حملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ایران کو جلد بازی میں فیصلہ کرنے کے جال میں پھنسایا نہیں جا سکتا۔دوسری جانب اسرائیل نے دنیا بھر میں اپنے سفارت خانوں کو ہائی الرٹ کر دیا،تفصیلات کے مطابق ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایرانی جوہری سائنسدان محسن فخری زادے کے قتل کا جواب دیا جائے گا مگر انھوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے ملک کو جلد بازی میں فیصلہ کرنے کے جال میں پھنسایا نہیں جا سکتا۔محسن فخری زادے پر جمعے کو دماوند کے علاقے ابسرد میں حملہ کیا گیا تھا جس کے بعد وہ ہسپتال میں ہلاک ہوگئے تھے۔ایران نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے سینیئر جوہری سائنسدان محسن فخری زادے کی ہلاکت کا بدلہ لے گا جبکہ ایرانی حکام کی جانب سے عندیہ دیا گیا تھا کہ اس معاملے میں اسرائیل ملوث ہے۔تاہم اب ایران کے صدر نے اسرائیل پر اس حملے کا براہِ راست الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’متعلقہ حکام مناسب وقت پر اس جرم کا جواب دیں گے۔‘ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق انھوں نے یہ بات کووڈ 19 ٹاسک فورس کے ایک اجلاس میں کہی جسے براہِ راست نشر کیا گیا تھا۔صدر روحانی نے کہاکہ ایران کے تمام دشمن اچھی طرح جان لیں کہ ایرانی قوم اور ملکی حکام اتنے بہادر ہیں کہ وہ اس مجرمانہ فعل کا جواب دیے بغیر نہیں رہیں گے۔انھوں نے اس حملے کا الزام اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم اتنی دانشمند ہے کہ وہ اس جال میں نہیں آئے گی اور کہا کہ اسرائیل کا ʼمقصد افراتفری پھیلانا ہے۔دریں اثنا ایرانی جوہری سائنسدان محسن فخری زادے کے قتل کے بعد اسرائیل نے دنیا بھر میں اپنے سفارت خانوں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ ایرانی اعلی قیادت نے شواہد پیش کیے بغیر اس قتل کا الزام روایتی حریف ملک اسرائیل پر عائد کیا اور بدلہ لینے اور سزا دینے کی باتیں کیں۔ ایسی دھمکیوں کے بعد بروز ہفتہ اسرائیلی حکام نے تمام سفارت خانوں پر سکیورٹی بڑھا دی ہے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں تہران میں فخری زادے کے قتل پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

تازہ ترین