کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ملتان میں پیپلزپارٹی کارکنوں پر پی ٹی آئی حکومت کا تشدد و گرفتاریاں قابل مذمت ہیں پیپلزپارٹی کے لئے یہ جبر کوئی نئی بات نہیں ہے ہم نے دور آمریت میں بھی ایسے مظالم برداشت کئے ہیں ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کہ نیازی سرکار آمریت کی پیروکار بن کر پیپلزپارٹی کے جیالوں پر ٹوٹ پڑی ہے جو قابل مذمت اور شرمناک عمل ہے پی ٹی آئی سرکار جمہوریت کی آڑ لے کر غیر جمہوری ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے گھناونی حرکتوں سے ثابت ہوگیا کہ نیازی سرکار پر نوجوان قیادت بلاول بھٹو زرداری کا خوف طاری ہے سلیکٹیڈ حکومت جان لے بلاول بھٹو زرداری اس ملک کا روشن مستقبل ہے جسے اب کوئی نہیں روک سکتا، سلیکٹیڈ حکومت کے پائوں لڑکھڑا گئے ہیں بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی رہنما قاسم گیلانی سمیت درجنوں کارکنان کو فوری طور پر رہا کیا جائے بوکھلاہٹ کا شکارنیازی سرکار کے دن گنے جاچکے ہیں ایک عوامی سیاسی جلسے کو روکنے کے لئے پورے ملتان کو سربمہر کردیا گیا ہے جیالوں کے لئے یہ رکاوٹیں مکڑی کے جالے ثابت ہونگے سلیکٹیڈ پی ٹی آئی سرکار شاید جانتی نہیں کہ جیالوں کی تربیت شہدائے جمہوریت نے کی ہے دوسری طرف سلیکٹیڈ حکومت قربانی کے نام تک سے ناواقف ہے حکومت اوچھی حرکتوں سے باز آجائے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وفاقی وزراءکو جلسوں کی اجازت اور اپوزیشن پر دروازے بند کرنا ناانصافیوں کا وطیرہ ہے اورنیازی سرکار کا دہرا معیار ہے