• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کی رکاوٹ، کاون ہاتھی کمبوڈیا روانہ نہ ہوسکا

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) بھارت کی رکاوٹ کے باعث کاون ہاتھی کمبوڈیا روانہ نہ ہوسکا۔ بھارت نے ہاتھی کی اسلام آباد سے کمبوڈیا نان اسٹاپ پرواز میں پھر رکاوٹ کھڑی کردی۔

ہاتھی کمبوڈیا لے جانے والی فلائٹ اتوار کی شام چھ کے بجائے پیر کی علی الصبح 4 بجے روانہ ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ ہاتھی کاوان کی کمبوڈیا روانگی میں پاکستان کی نیک نامی بھارت ہضم نہ کرسکا‘ بھارت نے ہاتھی کی اسلام آباد سے کمبوڈیا نان اسٹاپ پرواز میں پھر رکاوٹ کھڑی کردی۔

ملک امین اسلم نے اپنے ٹویٹ میں مودی سرکار کے رویئے پر شدید برہمی کا اظہارکرتے ہوئے بھارت کا چہرہ بے نقاب کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ پرواز کی نئی دہلی میں دو گھنٹے قیام کی شرط سے ہاتھی کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

بھارت کی غیر ضروری شرائط کے باعث ہاتھی کی روانگی میں مزید 8 گھنٹے کی تاخیر ہاتھی کمبوڈیا لے جانے والی فلائٹ اتوار کی شام چھ کے بجائے پیر کی علی الصبح 4 بجے روانہ ہوگی۔

ملک امین اسلم نے کہا کہ یہ انسانیت دکھانے کا وقت ہے‘ بھارت جانوروں پر نفرت انگیز سیاست نہ کھیلے‘ ہاتھی کاوان کو کمبوڈیا کی محفوظ پناہ گاہ میں بھجواجا رہا ہے‘ کاوان ہاتھی کی فلائٹ کو پرامن طریقے سے نان سٹاپ فلائی کی اجازت دی جائے۔

علاوہ ازیں ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر کو مقامی جنگلی حیات کے کھلے قدرتی مسکن میں تبدیل کیا جائے گا۔ کاون ہاتھی کی کمبوڈیا منتقلی کا اقدام کاون کی بقا اور خوشگوار زندگی کے لئے کیا گیا ہے۔

انہوں نے یہ باتیں گزشتہ روز سینیٹر فیصل جاوید کے ہمراہ مرغزار چڑیا گھر سے کاون ہاتھی کی کمبوڈیا کے قدرتی مسکن میں منتقلی کی مناسبت سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیں۔

تازہ ترین