• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہرطرح کی قربانی دینے کوتیارہیں، کوئی رعایت نہیں ہوگی، مولانافضل الرحمٰن

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانافضل الرحمٰن کا آج کے ملتان جلسے سے متعلق کہنا ہے کہ جو بھی حالات ہوں ہرطرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں، ہماری طرف سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

مولانافضل الرحمٰن نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ جلسہ ہرصورت کریں گے، جلسہ ہونے تک ملتان میں رہیں گے اور یہیں ڈیرہ جمائیں گے، جوبھی حالات ہوں ہرطرح کی قربانی دینے کوتیارہیں، انصارالاسلام ہمارے رضاکار ہیں اور تنظیمی امور پر مامور ہیں، جلسے کے انتظام کے لیے انصارالاسلام کے رضاکار بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

مولانافضل الرحمٰن نے حکومتی رکاوٹوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ ظاہر ہے ہم کیا کریں، تنگ آمد بجنگ آمد والی بات ہے، وہ ہمیں ماریں گے بندوقوں سے تو ہم انہیں ڈنڈوں سے بھی نہ ماریں، ہم مردہ لاشیں ہیں جو خاموش بیٹھیے رہیں گے؟ہم زندہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی رکاوٹ کام نہیں آئے گی، نا موبائل فون نا انٹرنیٹ کی بندش کام آئے گی، ہم جلسہ گاہ کی طرف جائیں گے، دیکھتےہیں کہاں کہاں رکاوٹیں ہیں، وہیں پر اس سے نمٹیں گے۔


مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ پہلے ہم جامع قاسم العلوم جائیں گے پھر جلسہ گاہ جائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ وزیرقانون پنجاب کہتے ہیں جلسہ کرنے پر گرفتار کرلیا جا ئے گا جس پر مولانا فضل الرحمٰن نے جواب دیتے ہوئے  کہا کہ ان کو پہلے ہم گرفتار کر لیں گے، وہ کون ہوتے ہیں گرفتار کرنے والے۔

تازہ ترین