• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت اسلامی نے اسٹیل مل کی تباہی کا ذمہ دار پی پی پی، ن لیگ کو قرار دے دیا

امیر جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے دور میں پاکستان اسٹیل ملز (پی ایس ایم) تباہ ہوئی۔ 

ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی میں اسٹیل ملز ملازمین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ 1200 ارب ملک میں کورونا کی مد میں آئے لیکن کوئی اثر نہیں ہوا۔ اسٹیل مل 25 ارب روپے کی مالیت سے قائم ہوا تھا۔ 

انھوں نے کہا کہ اسٹیل ملز 2008 تک کامیابی سے چل رہا تھا، خدشات کے پیش نظر اسٹیل ملز کی نج کاری روک دی گئی تھی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے پی پی پی اور ن لیگ کو اسٹیل ملز کی تباہی کا ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے دور میں یہ ادارہ تباہ ہوا۔


انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں اس کی گیس بند کردی گئی تھی۔

موجودہ حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ عمران خان اور اسد عمر دعوے کرتے تھے کہ اسٹیل مل چلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ گولڈن ہینڈ شیک نہیں، ملازمین کے واجبات ادا کر رہے ہیں، ڈھائی تین ہزار کو دو تین لاکھ دے کر وفاقی ادارے سے نکال رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان سے محبت ہوتی تو یہ ادارہ کھڑا ہو سکتا تھا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ یہ لوگ صرف چینی مافیا اور آٹا مافیا کو نواز سکتے ہیں، میرٹ پر نوکریاں نہیں تو اسکی اسکروٹنی ہونی چاہیے۔

اس موقع پر صدر پاسلو یونین عاصم بھٹی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں اسٹیل ملز کا کیس موجود ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اسٹیل مل اور ملازمین کو بحال کیا جائے۔

تازہ ترین