راولپنڈی ،اسلام آباد ( کامرس رپور ٹر،جنگ نیوز)وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے اپوزیشن پر طنز کرتے ہوئے کہا ہےکہ کینیڈا میں کورونا کی ویکسین لگانے کی مہم کی ذمہ داری سینیئر جنرل کو دی گئی ہے جس پر وہاں کی اپوزیشن نے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو کٹھ پتلی نہیں کہا.
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں اسد عمرکاکہنا تھاکہ کینیڈا میں ویکسین لگانے کی مہم کی ذمہ داری سینیئر جنرل کو دے دی گئی۔
ذرا کینیڈا کے اخبار تو دیکھیں کہیں کینیڈا کی اپوزیشن نے یہ تو نہیں کہہ دیاکہ جسٹن ٹروڈو تم تو سلیکٹڈ نکلے، کینیڈا کی اپوزیشن نے جسٹن ٹروڈو سے یہ تو نہیں کہا کہ تم ایک کٹھ پتلی ہو اور ہمارا مقابلہ تم سے نہیں تمہیں لانے والوں سے ہے۔
علاوہ ازیں اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان کے سب سے بڑے برآمدی شعبہ ٹیکسٹائل میں تیزی شاندار کامیابی کی کہانی ہے۔
چار سال پہلے عالمی ادارہ بلوم برگ اس شعبہ کی زبوں حالی اور اس شعبہ میں بیروزگاری کی خبریں دے رہا تھا، آج بلوم برگ اس شعبے کی مکمل استعداد کے ساتھ کام کرنے کو نمایاں کررہا ہے،۔
پاکستان نے ٹیکسٹائل شعبے میں بہتر کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے۔