• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناقص خوراک کی تیاری اور قواعد کی خلاف ورزی پر 9 فوڈ یونٹس سربمہر

ملتان (سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی ملتان میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 305 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران ناقص خوراک کی تیاری اور قواعد کی خلاف ورزی پر 9 فوڈ یونٹس سربمہر جبکہ 239 کو بہتری نوٹسز جاری کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملتان میں اسٹیڈیم چوک شاہ رکن عالم کے علاقے میں اسماعیل پاوڈر ری پیکنگ یونٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ناقابل سراغ ملک پاؤڈر کو مختلف برانڈز کے پاؤڈر میں مکس کرکے پیک کرنے، آلودہ گرائنڈنگ مشینیں، پروڈکشن ایریا میں تمباکو نوشی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر یونٹ کو سیل کردیا۔ 3,375کلو مضر صحت زائد المعیاد پاؤڈر برآمد کر لیا گیا۔ اسی طرح بہاولپور میں منڈی یزمان ڈیری سیفٹی ٹیم نے لیکٹو سکین مشین سے موقع پر دودھ کو چیک کرتے ہوئے پائوڈر کی ملاوٹ ثابت ہونے پر ندیم ملک سنٹر کو سیل کر دیا۔ کارروائی کے دوران 900 لٹر مضر صحت دودھ موقع پر تلف کر دیا گیا۔ ملتان میں عمر فوڈز، عدنان میٹ شاپ، فورک اینڈ نائف پیزا اینڈ کچن کو سیل کر دیا۔ لودھراں میں جازب مصالحہ جات کو سیل کر دیا گیا۔ لیہ میں حق باہو ملک کولیکشن سنٹر، راجن پور میں اقبال بیکری اور رحیم یار خان میں نیو زخمی پان شاپ کو گٹکا فروخت کرنے پر سربمہر کیا گیا۔کارروائیوں کے دوران 3,375 کلو وئے پاؤڈر،1,500کلو آٹا،190کلو تیار خوراک،180ساشے گٹکا برآمد جبکہ 1040لٹر ملاوٹی دودھ اور 25 کلو گوشت تلف کیا گیا۔
تازہ ترین