• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور اور کمالیہ میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ


کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پشاور اور کمالیہ میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے خیبر پختون خوا حکومت نے اقدام کرتے ہوئے پشاور میں 5 مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا فیصلہ کرلیا۔

پشاور کے کورونا وائرس کے زیادہ متاثرہ علاقوں میں حیات آباد، گلبرک اور یونیورسٹی ٹاؤن بھی شامل ہیں۔

پشاور میں کورونا وائرس کے باعث کیئے گئے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ آج شام 6 بجے سے ہو گا۔

ضلعی انتظامیہ کے اعلامیئے کے مطابق متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران کھانے پینے کی اشیاء،  ادویات کی دکانیں، جنرل اسٹور اور تندور کھلے رہیں گے۔

ادھر پنجاب کے شہر کمالیہ کے محلہ اسلام نگر، حسین شاہ اور محلہ چڑھ کو کورونا کیسز کے باعث ہاٹ اسپاٹ قرار دے کر 8 دسمبر تک سیل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 19 ہزار 578 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں دیگر صوبوں سے بڑھ کر 3 ہزار 36 ہو گئیں۔


صوبہ خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 47 ہزار 370 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 369 ہو گئیں۔

دوسری جانب پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 4 لاکھ 482 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 8 ہزار 91 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک بھر میں 49 ہزار 105 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 2 ہزار 165 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 43 ہزار 286 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین