• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب کے محکمہ تعلیم نے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کیلئے ڈریس کوڈ جاری کیا ہے۔ مرد اساتذہ کو ویسٹ کوٹ یا فارمل پینٹ شرٹ پہننے کی ہدایت کی گئی ہے، خواتین اساتذہ کیلئے بغیر آستینوں کے لباس اور ہیل والی جوتیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے اور دوپٹہ یا اسکارف لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسکولوں میں جینز، شارٹس اور اندرونی مقامات پر سن گلاسز پہننے سے بھی منع کیا گیا ہے۔ اس نوٹیفکیشن پر ہمیشہ کی طرح لبرلز کا ایک طبقہ سیخ پا ہے۔ سمجھ نہیں آتی کہ آخر پاکستان کے تعلیمی اداروں میں حیا، تہذیب، شائستگی اور اسلامی اقدار کے فروغ کی بات کرنا اتنا غیر معمولی کیوں سمجھا جاتا ہے؟ سوال یہ بھی ہے کہ کیا پاکستان میں جدید اور ترقی یافتہ ہونے کا مطلب مغربی معاشرتی طرزِ زندگی اپنانا ہے؟ کیا ہمارے ہاں ترقی کا پیمانہ یہی بن چکا ہے کہ ہم کس حد تک مغرب جیسے دکھائی دیتے ہیں، کس حد تک اپنے معاشرتی اور مذہبی تشخص کو پس منظر میں دھکیل سکتے ہیں اور کس حد تک خود کو لبرل ثابت کر سکتے ہیں؟ یہ پاکستان ہے! یہ ملک کسی حادثے کے نتیجے میں وجود میں نہیں آیا ۔ اس کے قیام کے پیچھے ایک نظریہ تھا، ایک مقصد تھا۔ برصغیر کے مسلمانوں نے ایک الگ وطن اس لیے حاصل کیا تھا کہ وہ اپنی مذہبی، تہذیبی اور معاشرتی اقدار کے مطابق زندگی گزار سکیں۔ اگر آج اسی ملک میں اسلامی اقدار کی بات کرنے پر کسی کو وضاحتیں دینا پڑیں، اگر حیا اور شائستگی کے فروغ کی کوشش کو دقیانوسی سوچ قرار دیا جانے لگے تو پھر ہمیں اپنے قومی سفر اور ترجیحات پر نظرثانی ضرور کرنی چاہیے۔ ہمارے آئین کا آرٹیکل 31 ریاست کو پابند کرتا ہے کہ مسلمانوں کو انفرادی اور اجتماعی طور پر اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کے قابل بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ یہ ذمہ داری کسی ایک وزارت یا محکمے کی نہیں بلکہ پوری ریاست کی ہے۔ وفاقی حکومت ہو یا صوبائی حکومتیں، سرکاری ادارے ہوں یا تعلیمی ادارے، سب کو اس آئینی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے۔اس تناظر میں پنجاب کے محکمہ تعلیم کا فیصلہ قابلِ تحسین ہے۔ اس لیے نہیں کہ لباس سے متعلق ایک نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے بلکہ اس لیے کہ کم از کم کسی سرکاری ادارے نے یہ احساس تو دلایا کہ ہمارے تعلیمی اداروں کا بھی ایک تہذیبی تشخص ہونا چاہیے۔ ذرا اس پہلو کو دیکھیے کہ ایک استاد صرف کلاس روم میں کھڑے ہو کر کتاب کا سبق نہیں پڑھاتا۔ وہ اپنے طلبہ کی شخصیت سازی بھی کرتا ہے۔ بچے اپنے استاد کو دیکھتے ہیں، اس کے رویے سے سیکھتے ہیں، اس کی گفتگو سے متاثر ہوتے ہیں اور اس کے طرزِ زندگی کو بھی اپنے لیے ایک نمونہ سمجھتے ہیں۔ اگر استاد خود اپنی شخصیت میں وقار، سادگی، شائستگی اور حیا کو نمایاں کرے تو اس کا اثر یقیناً طلبہ پر بھی پڑے گا۔ یہ تربیت کسی کتاب کے ایک باب سے نہیںبلکہ عملی نمونے سے ہوتی ہے۔ یہاں ایک بات واضح کرنا ضروری ہے۔ اسلامی لباس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم جدید لباس، اچھی وضع قطع یا پیشہ ورانہ ظاہری شخصیت کے خلاف ہیں۔ اسلام تو خود صفائی، نفاست اور سلیقے کی تعلیم دیتا ہے۔ اصل مسئلہ یہ ہے کہ لباس اور طرزِ زندگی میں حیا اور وقار کو بنیادی اہمیت دی جائے۔ جدیدیت کے نام پر ایسی معاشرتی روش کو فروغ دینے کی کیا ضرورت ہے جس میں لباس اور طرزِ زندگی کے انتخاب میں اخلاقی حدود اور معاشرتی ذمہ داری کو غیر اہم سمجھ لیا جائے؟ ہم مغرب کی سائنسی ترقی سے سیکھیں، اس کی تحقیق سے فائدہ اٹھائیں، اس کی ٹیکنالوجی اپنائیں، اس کے تعلیمی اور انتظامی نظام کی اچھی باتوں سے استفادہ کریں، لیکن کیا اس کیلئے ہمیں اپنی مذہبی اور تہذیبی شناخت بھی تبدیل کرنا ہوگی؟ مغرب نے ترقی سائنس، تحقیق، محنت اور اداروں کی مضبوطی سے حاصل کی ہے، نہ کہ ہمیں اپنی تہذیب چھوڑنے کا سبق دینے کیلئے۔ افسوس کہ ہمارے ہاں بعض حلقوں میں اسلامی اقدار کی بات کرنے والے کو فوراً ایک مخصوص خانے میں ڈال دیا جاتا ہے۔ حیا کی بات کریں تو اسے قدامت پسندی کہا جاتا ہے، لباس میں شائستگی کی بات کریں تو اسے آزادی کے خلاف قرار دیا جاتا ہے اور معاشرے میں حلال و حرام کا فرق واضح کرنے کی بات کریں تو اسے غیر ضروری مذہبی مداخلت سمجھا جاتا ہے۔ آخر یہ کون سا معیار ہے جسکے تحت اپنی تہذیب کی بات کرنا تو دقیانوسی سوچ ہے لیکن مغربی معاشرتی رویوں کی نقل کرنا جدیدیت؟ میری نظر میں پنجاب حکومت کو اس اقدام پر رکنا نہیں چاہیے۔ ملک بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں اس حوالے سے ایک واضح پالیسی ہونی چاہیے۔ اساتذہ کے لباس کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں کے مجموعی ماحول میں بھی اسلامی اخلاقیات، کردار سازی، احترامِ انسانیت، سچائی، دیانت داری اور حیا کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے۔ اور بات صرف تعلیمی اداروں تک محدود کیوں رہے؟ ہمارے میڈیا کا کردار بھی اس معاملے میں انتہائی اہم ہے۔ ٹیلی ویژن ڈرامے، اشتہارات، تفریحی پروگرام اور سوشل میڈیا کا مواد نئی نسل کی سوچ اور ترجیحات پر گہرے اثرات مرتب کرتا ہے۔ کیا ہمارے میڈیا کی کوئی ذمہ داری نہیں کہ وہ معاشرے میں اچھائی کو اچھائی اور برائی کو برائی کے طور پر پیش کرے؟ کیا ہر وہ چیز جو ریٹنگ حاصل کر سکتی ہے، اسے دکھانا ضروری ہے؟ کیا حلال و حرام، اخلاقی و غیر اخلاقی اور درست و غلط کے درمیان فرق کو بھی جدیدیت کے نام پر ختم کر دیا جائے؟ آزادیِ اظہار اپنی جگہ اہم ہے، لیکن آزادی کے ساتھ ذمہ داری بھی ہوتی ہے۔ میڈیا کو بھی اپنی معاشرتی اور اخلاقی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا۔ اسلامی اقدار اور خاندانی نظام کی مضبوطی کو اپنی نشریات میں مناسب جگہ دینا کوئی پابندی نہیں بلکہ ایک مثبت معاشرتی کردار ہے۔ ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم اپنے بچوں کو کیسا پاکستان دینا چاہتے ہیں۔ ایسا پاکستان جہاں جدید تعلیم، ٹیکنالوجی اور ترقی کے تمام مواقع موجود ہوں، لیکن جہاں ہماری اسلامی شناخت بھی برقرار رہے، یا ایسا پاکستان جہاں مغرب کی نقل کو ہی ترقی اور اپنی اقدار سے وابستگی کو قدامت پسندی سمجھاجائے؟ میرے نزدیک پنجاب کے محکمہ تعلیم کا یہ فیصلہ ایک چھوٹا مگر اہم قدم ہے۔ اس کی اصل اہمیت اس بات میں ہے کہ ریاست کو اپنی نظریاتی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے۔ پاکستان کو جدید دنیا کے ساتھ قدم ملا کر چلنا ہے، لیکن اپنی شناخت کھو کر نہیں۔ ہمیں مغرب سے مقابلہ کرنا ہے، مغرب کی نقل نہیں بننا۔پاکستان کو ترقی یافتہ ضرور بنائیں، لیکن اسے پاکستان ہی رہنے دیں۔

تازہ ترین