• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد میئر کے الیکشن کرانے کا حکم، الیکشن کمیشن نے اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات31 جنوری تک ملتوی کردیئے

اسلام آباد (آن لائن) الیکشن کمیشن نے کورونا کی صورتحال کے پیش نظر اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات 31؍ جنوری تک ملتوی دیئے ، این سی او سی کی جانب سے صورتحال کے جائزہ کیلئے اجلاس کے بعد ضمنی انتخابات کا فیصلہ کیا جائیگا۔جبکہ میئر اسلام آباد کی خالی نشست پر الیکشن کرائے جائینگے،اس سلسلے میں الیکشن شیڈول جاری کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔ منگل کے روز الیکشن کمیشن میں ہونے والے اجلاس کوایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل الیکشنز نے قومی و صوبائی اسمبلی کی خالی نشستوں کی تفصلی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ اس وقت قومی اسمبلی کی 2 اورصوبائی اسمبلی کی 6 نشستوں پر انتخابات زیرالتواء ہیں، اس سلسلے میں نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر نے یہ سفارش کی ہے کہ ملک بھر میں ضمنی انتخابات کو 31 جنوری 2020 تک ملتوی رکھا جائے۔ انہوں نے بتایاکہ این سی او سی 31 دسمبر کو ایک اور جائزہ بھی لے گا جس پر کمیشن نے این سی او سی کی سفارشات پر عمل درآمد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے میئر اسلام آباد کی خالی نشست پر انتخابات کیلئے شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، شیڈول رواں ہفتے کے دوران جاری کیا جائے گا ۔منگل کے روز الیکشن کمیشن میں اجلاس کے دوران اسپیشل سیکرٹری نے اسلام آباد میں شیخ انصر عزیز میئر اسلام، آباد کے استعفیٰ کے نتیجہ میں خالی ہونے والی نشست کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو بریف کیا اس ضمن میں وزارت داخلہ و قانون و انصاف حکام کی رائے طلب کی گئی انکی جانب سے یہ موقف اختیار کیا گیا کہ قانون کے مطابق الیکشن کمیشن اس پر فیصلہ فرمائے اور غوروخوض کے بعد الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ کیا اور دفتر کو ہدایات جاری کیں کہ اسلام آباد میں میئر کی خالی نشست پر الیکشن کے انعقاد کیلئے فوری طور پر حسب ضابطہ شیڈول جاری کرے۔

تازہ ترین