• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسحاق ڈار بےنقاب ہوچکے، واپس لائیں گے، وفاقی وزراء

کراچی، اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں، نیوز ڈیسک) وفاقی وزراء اور پی ٹی آئی رہنماؤں نے اسحاق ڈار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیر خزانہ بے نقاب ہوچکے ہیں، اسحاق ڈار کو وطن واپس لایا جائے گا، وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز، فواد چوہدری ، شیخ رشید ، شہزاد اکبر ، فیصل واوڈا ودیگر نے کہا ہے کہ سابق وزیرخزانہ بے گناہ تو واپس آکر عدالتوں کا سامنا کریں، وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف سمیت مسلم لیگ ن کی اعلی قیادت کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے ، مریم نواز نے کبھی زندگی میں سچ نہیں بولا، انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کو کیا ضرورت تھی کہ وہ ہارڈ ٹاک شو میں جاکر اپنی بھی بے عزتی کراتے اور نواز شریف کو مجرم کہنے پر مجبور ہوتے ،وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا انٹرویو ہر پاکستانی کیلئے شرمندگی کا باعث ہے، اسحاق ڈار نے انٹرویو میں وضاحت دی ہے کہ وہ بچوں کی جائیدادوں کو اپنا نہیں سمجھتے، میرے خیال میں انہوں نے یہ بات کہہ کر اپنی بے عزتی کروائی ہے۔ وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اگر خود کو بے گناہ سمجھتے ہیں تو انہیں چاہیے کہ وطن واپس آ کر عدالتوں اور قانون کا سامنا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اسحاق ڈار کو واپس لانے کیلئے کوششیں کر رہی ہے۔وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ و احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ اسحاق ڈار نے سیاسی پناہ کی درخواست دی ہوئی ہے، اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس میں پوری پراپرٹی کی فہرست ہے، انکے ساتھ بھی وہی ہو گا جو ان کے آقائوں کے ساتھ ہوا ہے، اسحاق ڈار کے نیب میں حراست کے دوران لوگوں کی ہلاکتوں کے حوالے سے بیان حیران کن ہے، بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ حدیبیہ پیپر کیس سے متعلق اسحاق ڈار نے اپنا بیان دوہرایا ہے، اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ کرپشن میں میری فیملی ملوث نہیں جبکہ حدیبیہ کیس میں اسحاق ڈار نے 164 کا بیان عدالت کے سامنے دیا تھا، آج اسی طرح اسحاق ڈار نے دوبارہ کہا پاناما میں ان کا نام نہیں ہے، اس کا مطلب پاناما لیکس کے مطابق شریف فیملی کرپشن کر رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار انٹرویو میں کہتے ہیں کہ لاہور کی پراپرٹی میری ہے جبکہ انکی اہلیہ عدالت میں کہتی ہیں کہ لاہور کی پراپرٹی ان کو تحفہ میں دی گئی ہے، لاہور کی پراپرٹی سے متعلق جان بوجھ کر کنفیوژن پیدا کی جا رہی ہے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ عماد زبیری کا معاملہ قومی سلامتی سے متعلق اہم ہے، عماد زبیری معاملہ کو ایک گروپ ذاتی مفاد کے لئے استعمال کرتا رہا اور جب ذاتی مفاد حاصل کر لیا تو اس کو ملک کے خلاف بھی استعمال کیا، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بین الاقوامی میڈیا میں نواز شریف کو سزایافتہ مجرم قرار دیتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ نواز شریف عدالتی کیسز سے اشتہاری ہیں جس پر میں ن لیگ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اپوزیشن جماعتیں عوام میں رسوا ہونے کی بجائے اسمبلی سے استعفے دیں۔

تازہ ترین