ملتان (خبرایجنسی) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نےکہاہےکہ حکومت سے مذاکرات نہیں ہوںگے،اہلیان ملتان کا مقروض رہوں گا،عوام نے سلیکٹڈ کو رجیکٹ کردیا، دوسری جانب سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہےکہ جلسہ روکنےوالے اب جلسی کہہ رہے ہیں، ایک ہفتے سے پکڑ دھکڑ ہو رہی تھی، ایسا ڈکٹیٹرشپ میں بھی نہیں ہوتا۔ منگل کو پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے گیلانی ہائوس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی جس میں ملتان جلسہ کی کامیابی پر اظہار خیال کیا گیا ، ذرائع کے مطابق ملاقات میں گرفتار کارکنان اور رہنمائوں کی رہائی پر گفتگو کی گئی ۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ملتان کے عوام نے بھی سلیکٹڈ کو رجیکٹ کردیا ، حکومتی رٹ ختم ہوگئی، 8 دسمبر کو اسلام آباد میں پی ڈی ایم کا اجلاس ہوگا، گیلانی کے صاحبزادوں نے بڑی قربانیاں دیں، پی ڈی ایم کا یہ نظام آگے بڑھتا رہے گا، ہم حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات کرنے پر تیار نہیں ہیں،اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات ہونا عجیب ہے، فلسطین کی کوئی بات نہیں کر رہا،پی ڈی ایم کے اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیاجائے گا۔مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہم اپنے شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں ، رکاوٹیں بھی آگے آ رہی ہیں، جدوجہد ہوتی ہے لیکن نتیجہ اللّٰہ کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسی کے اثرات کئی سال تک رہتے ہیں، مستقبل میں ضرورت پیش ہوئی تو پی ڈی ایم پلیٹ فارم پر فیصلہ کیا جائے گا۔