گلگت (خبرایجنسی) گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے عہدے کا حلف اٹھا لیا، گورنر راجہ جلال مقپون نے ان سے حلف لیا، حلف برداری کی تقریب گورنر ہائوس گلگت میں منعقد ہوئی جس میں نگراں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان، فورس کمانڈر گلگت بلتستان سمیت اعلیٰ عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔ گلگت بلتستان اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے گزشتہ روز 4 بجے پولنگ ہوئی تھی جس میں پی ٹی آئی کے بیرسٹر خالد خورشید 22 ووٹ لے کر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان منتخب ہوئے، متحدہ اپوزیشن کی جانب سے امیدوار امجد حسین ایڈووکیٹ ان کے مقابلے میں صرف 9 ووٹ حاصل کر سکے تھے، نومنتخب وزیراعلی بیرسٹر خالد خورشید نے ابتدائی تعلیم گلگت اور گریجویشن فیصل آباد سے مکمل کی، بعد ازاں وہ لندن چلے گئے جہاں سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے 2018 میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی اور دیامر ڈویژن کے پارٹی صدر مقرر ہوئے تھے۔