ملتان (نمائندہ جنگ) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے مارشل لاء کا دور ہو، پی ڈی ایم کے جلسے پر پابندی اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، حکومت نے غیر آئینی و غیر جمہوری راستہ اختیار کیا، گرفتار رہنماؤں و کارکنوں کو رہا کیاجائے اور ان پر درج مقدمات فی الفور خارج کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دفتر جماعت اسلامی میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ، جنرل سیکریٹری امیر العظیم، ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی، صہیب عمار صدیقی، کنور محمد صدیق بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے مزید کہا عمران خان نے کہا تھا کہ میری حکومت میں اگر جلسے جلوس ہوئے تو کنٹینر بھی دوں گا اور چائے پانی بھی مگر اس کے برعکس صورتحال قوم کے سامنے آگئی۔