• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم کا لاہور میں جلسہ طے کردہ تاریخ پر ہی ہوگا، سعد رفیق

مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کاکہنا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا لاہور میں جلسہ طے کردہ تاریخ اور مقررہ کردہ وقت پر ہر حال میں ہوگا۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی ڈی ایم کے لاہور کے جلسے کیلئے ہم حکومت کی طرف نہیں دیکھ رہے۔

سعد رفیق کاکہنا تھا کہ ہم عوام کے حقوق کی خاطر لڑ رہے ہیں، ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ شرکاء ماسک پہن کر جلسے میں آئیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جلسے کی اجازت کیلئے درخواست نہیں آئی ہے، جب درخواست آئے گی اس کے بعد حکومت حکمت عملی سامنے لائے گی، تاہم یہ بات طے ہے کہ عوام کی جان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کاکہنا تھا کہ ایس او پیز کا عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، عدالتی احکامات یقینی بنانے کیلئے اپوزیشن سے پہلے ڈائیلاگ کریں گے۔

انہوں نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ڈائیلاگ کس سے کریں گے، ابھی جلسہ منتظمین سامنے نہیں آئے ہیں۔

واضح رہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ہم اپنے شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہےہیں ، رکاوٹیں بھی آگے آ رہی ہیں، جدوجہد ہوتی ہے لیکن نتیجہ اللّٰہ کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔

تازہ ترین