• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم کو لاہور اور ملتان جلسوں کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ

پی ڈی ایم کو لاہور اور ملتان جلسوں کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ 


لاہور (جنگ نیوز) کورونا کیسز کی بڑھتی شدت کے پیش نظر حکومت پنجاب نے پی ڈی ایم کے لاہور اور ملتان کے جلسوں کی اجازت نہ دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

بغیر اجازت جلسوں کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔حکومت پنجاب کے ذرائع کے مطابق لاہور اور ملتان کے جلسوں کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کورونا کی تیزی سے بگڑتی صورتحا ل کے پیش نظر کیا جا رہا ہے۔

حکومت کی جانب سے تحریری طور پر پی ڈی ایم کو جلسوں کی اجازت نہیں دی جائے گی، ملتان اور لاہور میں کورونا کیسز کی شرح میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ 

ملتان میں اس وقت کرونا کے پازیٹو کیسز کی شرح پاکستان میں دوسرے نمبر پر ہے، پنجاب میں انتہائی تشویشناک مریضوں کی تعداد بھی جون کے پہلے ہفتے جتنی ہو گئی ہے، متعلقہ اداروں نے بھی جلسوں کی اجازت نہ دینے کی سفارش کی تھی۔

محکمہ صحت بھی کورونا کیسز کی خطرناک شرح سے حکومت پنجاب کو اپنی سفارشات سے آگاہ کر چکا ہے۔

حکومت پنجاب کے ذرائع کے مطابق بغیر اجازت جلسے پر اپوزیشن قیادت کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

بغیر اجازت جلسے کی صورت میں پی ڈی ایم قیادت کو مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا، پی ڈی ایم قیادت نے لاہور اور ملتان میں جلسوں کی اجازت کے لئے تحریری درخواستیں دے رکھی ہیں۔

تازہ ترین