• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز،زرداری باعث عبرت، دونوں پر عذاب آتے دیکھا، 40سال سے جانتا ہوں، چوری اور حرام کا پیسہ بچانے کیلئے جلسے کر رہے ہیں، عمران خان

40سال سے جانتا ہوں، چوری اور حرام کا پیسہ بچانے کیلئے جلسے کر رہے ہیں، عمران خان


گلگت (ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی بروقت مداخلت کی وجہ سے بیس دن میں چینی کی ایکس مل فی کلوقیمت میں بیس روپے کی کمی واقع ہوئی ہے،صوبے کاشتکاروں کو گنےکی قیمت کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں۔

بدھ کو اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے چینی کی کنٹرول ریٹ پر تقسیم اور کرشنگ سیزن کا بروقت آغاز یقینی بنایا ہے،حکومت کی جانب سے سے بروقت مداخلت کی وجہ سے گزشتہ 20 دنوں میں چینی کی فی کلو قیمت میں 20 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔

 دریں اثناءگلگت بلتستان میں کابینہ کی تقریب حلف برداری کے بعد خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ میں نواز شریف اور آصف زرداری کو 40سال سے جانتا ہوں‘میں نے ان پر ﷲ کا عذاب آتے دیکھا ہے جو ہمارے لیے عبرت ہے‘ اپنی زندگی میں دیکھا کہ ان کی کیا حالت ہوئی‘ کبھی جیل جا رہے ہیں‘ کبھی باہر آ رہے ہیں، کبھی جھوٹ بول کر لندن، کبھی سعودی عرب جا رہے ہیں۔

کرونا پھیل رہاہے مگر اپوزیشن کو عوام کی پرواہ نہیں ‘یہ چوری اور حرام کا پیسہ بچانے کیلئے جلسے کررہے ہیں ‘ اسحاق ڈار کا انٹرویو جھوٹ کا پلندہ تھا‘ذہنی دباؤدیکھنا ہوتواس کی شکل دیکھ لیتے ‘وہ جھوٹ پر جھوٹ بول رہے تھے اور ایسا لگ رہا تھا کہ اگر انہیں دل کا مسئلہ نہیں بھی ہے تو انٹرویوکے بعد ہوجانا تھا۔

گلگت میں ایسی حکومت آئیگی جو نئے اسٹینڈرڈ قائم کرے گی‘سب سے پہلے گلگت بلتستان کی صوبائی حیثیت پر کام کریں گے‘ کمزور طبقے کو اوپر اٹھانا ریاست کی واضح ترجیح ہے۔ 

وزیراعظم کا مزیدکہناتھاکہ مجھے امید ہے کہ یہاں وہ منتخب حکومت آئیگی جو ایک نئی روایت پیدا کرے گی ‘میں اس علاقے کو جانتا ہوں اور اب ہم اسے جس رخ پر ڈالیں گے، اس سے یہاں کے عوام کی زندگی بدل جائے گی‘گلگت بلتستان کے لوگوں کے لیے ہیلتھ کارڈ اور ہیلتھ انشورنس لے کر آ رہے ہیں‘گلگت میں 6ہائیڈروپاورالیکٹرک اسٹیشن قائم کریں گے۔

وزیراعظم نے نواشریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو کیا پتا تھا پانامہ سے ان کے محلات سامنے آ جائیں گے، چوری چھپتی نہیں ہے، ایک جھوٹ کو چھپانے کیلئے 100 جھوٹ بولنے پڑتے ہیں، اس پیسے کا کیا فائدہ جو آپ کا اور آپ کی اولاد کی تباہی کرتا ہے۔ 

تازہ ترین