• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسسٹنٹ کمشنر دریا خان کی کاشتکار پر تشدد کی مبینہ ویڈیو وائرل



اسسٹنٹ کمشنر دریا خان کی کاشتکار پر تشدد کی مبینہ ویڈیو شوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، ویڈیو میں اے سی دریا خان کو کاشتکار کے پیچھے دوڑتے اور اسے زمین پر گراتے دیکھا جاسکتا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر کو کاشتکار پر ڈنڈا برساتے اور گاڑی میں ڈال کر لے جاتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے، واقعہ گزشتہ روز کہاوڑ کلاں میں گنے کی خریداری کے مرکز پر پیش آیا۔

ویڈیو وائرل ہونے پر اے سی احمد بن ماجد نے میڈیا سے گفتگو کی، انہوں نے متاثرہ کاشتکار پرویز کو بھی میڈیا کے سامنے پیش کردیا۔

اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ اس نے کاشکار پر تشدد نہیں کیا بلکہ گرنے پر اسے اٹھایا تھا، گنے کی خریداری کے مرکز کو غیرقانونی قرار دے کر سیل کردیا گیا تھا، کاشتکار سیل کئے گئے غیرقانونی مرکز پر گنا بیچنے آیا تھا۔


انہوں نے کہا کہ سیل توڑنے پر پکڑنے کی کوشش کی گئی تو کاشتکار بھاگ رہا تھا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے متاثرہ کاشتکار کا بیان بھی اے سی آفس میں ریکارڈ کروادیا، جس میں کاشتکار نے کہا کہ اے سی نے اسے تشدد کا نشانہ نہیں بنایا، اے سی نے زمین پر گرنے کے بعد اٹھنے میں اسکی مدد کی۔

تازہ ترین