• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی اور حیدرآباد میں سب سے زیادہ کورونا، ملک بھر میں مزید 39 مریض چل بسے، 3499 نئے کیسز

کراچی اور حیدرآباد میں سب سے زیادہ کورونا


کراچی، اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر،جنگ نیوز،خبرایجنسی) کراچی اور حیدرآبادمیں سب سے زیادہ کورونا، شہر قائد میں مثبت کیسز کی شرح 20.12تک پہنچ گئی، حیدر آباد میں 18.43ریکارڈ، ملک بھر میں مزید 39مریض چل بسے، 3499 نئے کیسز، فعال کیسز نصف لاکھ سے تجاوز کرگئے۔ جمعرات کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر( این سی او سی) کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق ملک میں کورونا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، ملک میں کورونا کے پھیلائو کی شرح بڑھ کر 8.16 فیصد تک پہنچ گئی، ملک بھر میں کورونا کے انتہائی سنگین حالت کے مریضوں کی تعداد 2469 ہے جس میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، کورونا کے بڑھنے کی سب سے زیادہ شرح کراچی میں 20.12، حیدر آباد میں 18.43 جبکہ ایبٹ آباد میں 14.53ریکارڈ کی گئی ہے۔ این سی او سی نے ملک کے دیگر حصوں میں کورونا کے پھیلائو کی شرح کے بھی اعدادو شمار جاری کیے ہیں جس میں آزاد جموں و کشمیر میں 11.9، بلوچستان میں 12.5، گلگت بلتستان میں 4.7، اسلام آباد میں 6.6، خیبر پختونخوا میں 5.6، پنجاب میں 4.2 اور سندھ میں 14.1فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ این سی اوسی نے تمام صوبوں کے شہروں جس میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے کی رپورٹ بھی جاری کی ہے۔ پنجاب کے شہروں لاہور ،راولپنڈی اور فیصل آباد میں کیسز بڑھ رہے ہیں ،صوبہ سندھ میں کراچی اور حیدر آباد میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے شہر ایبٹ آباد اور پشاور میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے ، بلوچستان کے شہر کوئٹہ جبکہ اسلام آبادمیں بھی اضافہ ہوا ہے ۔

تازہ ترین