• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن ووٹرز کو کورونا میں دھکے دے رہی ہے، شیخ رشید

کوئٹہ(نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن ووٹرز کو کورونا میں دھکے دے رہی ہے، اپوزیشن خطے اور دنیا کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے دور اندیشی سے کام لے ۔ عمران خان ایماندار ترین وزیراعظم ہیں جو ملک کو آگے لیکر جائیں گے اگر کسی کو غلط فہمی ہے کہ لاہور ، پشاور ، ملتان کے جلسوں سے عمران خان جارہے ہیں تو غلط فہمی دل و دماغ سے نکال دیں ۔ اپوزیشن ووٹ کو عزت دو کی بات کررہی ہے مگر ووٹرز کو کورونا میں دھکیل رہی ہے،پاک فوج ملک پر جان نثار کرنے والی ہے، اداروں کو کسی کی تقریروں کی ضرورت نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت اپوزیشن سے شرافت ، آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر مقابلہ کریگی جس قسم کی حکمت عملی اپوزیشن بنائے گی حکومت بھی اسی طرز کی حکمت عملی بنائے گی اپوزیشن ستم کریگی تو ہم ستم کریں گے ، وفا کریگی تو وفا اور جفا کریگی تو جفا کریں گے ہم آپ جیسے لوگ ہیں ، اپوزیشن کے رہنماء میڈیا پر بیانات دیکر بھی بات کرسکتے ہیں قوم کو فیصلہ کرنا ہے کہ اب اس نے کورونا وائرس کی سیاسی خودکشی کرنی ہے یا ٹی وی پر اپوزیشن کو سننا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف بیانیے کی گانٹھیں دانتوں سے کھولنی پڑیں گی۔

تازہ ترین