• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب، ایک دن میں کورونا وائرس کے 24 مریض جاں بحق، فردوس عاشق اعوان

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس کے 670 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ کورونا وائرس کے 24 مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے لاہور سے جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر زیادہ خطرناک ہے لہٰذاعوام احتیاط کریں اور ماسک لازمی پہنیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے ایکٹو کیسز کی تعداد 19474 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اب تک پنجاب میں کورونا وائرس سے 3115 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ڈی ایم کا ٹولہ عوام کو اپنی منفی سیاست کی بھٹی میں جھونکنے کے درپے ہے، صورتحال خطرناک ہے اور پی ڈی ایم کے مایوس عناصر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

اپنے بیان میں اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ انسانی زندگیاں نگلنے والی منفی سیاست انتہائی قابل مذمت ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ ایسی سیاست کرنے والے عناصر کا حشر پہلے بھی برا ہوا ہے اور آئندہ بھی برا ہوگا۔

دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 4 لاکھ 10 ہزار 72 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 8 ہزار 260 تک جا پہنچی ہے۔

تازہ ترین