پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ ہمیں مولانا فضل الرحمن کی بات مان کر حلف نہیں لینا چاہیے تھا۔
شیرا کوٹ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ موسم بھی خراب ہو تو یہ لوگ کہتے ہیں پچھلی حکومت کرکے گئی ہے، عمران خان کی سوچ بھی چھوٹی ہے اور کردار بھی چھوٹا ہے۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سوچ انڈے سے شروع ہو کر کٹے پر ختم ہوتی ہے، ڈھائی سال بعد پاکستانیوں کی بس ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے فیصلہ کیا ہے کہ کووڈ 18 سے قوم کی جان چھڑانی ہے۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ نیب، ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن سیاسی انتقام کے سوا کچھ نہیں کررہے، سعد رفیق کے کیس میں سپریم کورٹ نے جو فیصلہ دیا وہ تاریخی ہے، نیب کیوں بی آر ٹی کا کیس نہیں لیتا؟۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ درختوں کا کیس اب عدالت میں چل رہا ہے نیب اس کا نوٹس کیوں نہیں لیتی؟ انھوں نے 55 روپے والی چینی 110 روپے کلو کردی، یہ پیسا کس نے کھایا؟ ذخیرہ اندوزی کرنے والے ان کے اندر ہی بیٹھے ہوئے ہیں۔